Time 05 فروری ، 2023
پاکستان

کراچی سے خیبر تک، یوم یکجہتی کشمیر قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایا گیا

وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔ — فوٹو: فائل
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔ — فوٹو: فائل

کراچی سے لیکر خیبر تک ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

 آج کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یک جان دو قالب ہونے کا اظہار کیا گیا جب کہ صبح 10بجےسائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔

آج  آزادکشمیر کی قانون ساز  اسمبلی کاخصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف  نے بھی خطاب کیا۔

یوم یکجہتی کشمیر  کو موقع پر  اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  کہ 75 سال سے بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کے بعد بدترین رخ اختیار کر چکی ہے، بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی وحشیانہ اقدامات کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتے رہیں گے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کشمیریوں کی جدوجہد کوسلام پیش کیا۔

اپنے بیان میں کشمیری عوام کی غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان چین سے نہیں بیٹھے گا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کی اپنی زمین پر اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرنا ہونگی۔

مزید خبریں :