فیکٹ چیک : خیبرپختونخوا میں 2018ء سے فرانزک لیبارٹری موجود ہے

صوبے کے دارالحکومت پشاور میں ایک فرانزک سائنس لیبارٹری ہے جو خیبر میڈیکل کالج میں واقع ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا (کے پی) میں ایک بھی فرانزک سائنس لیبارٹری موجودنہیں ہے جو  30 جنوری کو  پشاور میں ہونے والے خودکش بم دھماکے سے جمع کیے گئے ڈی این اے کے نمونوں کے ٹیسٹ کر سکے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

ایک ٹوئٹر صارف نے یکم فروری کو ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’کے پی میں 10 سال حکومت، کے پی کے ایک شہر میں بھی سیف سٹی کیمرہ نہیں ہے۔ کے پی کے ایک بھی شہر میں فرانزک لیب نہیں ہے جہاں ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جا سکے۔‘

اس نیوز  آرٹیکل کے پبلش ہونے تک اس ٹوئٹ کو  13,000 سے زائد مرتبہ دیکھا اور  300 سے  زائد مرتبہ لائک کیا گیا۔

2 فروری کوایک اور ٹوئٹر صارف نے اس سے ملتا جلتا دعویٰ کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں فرانزک لیب بنانے میں ناکام رہی۔‘

حقیقت

صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک فرانزک سائنس لیبارٹری ہے جو خیبر میڈیکل کالج میں واقع ہے۔ لیبارٹری کو 2018ء میں بنایا گیا تھا اور  یہاں ڈی این اے ٹیسٹنگ کی سہولیات موجود ہیں۔

خیبرپختونخوا میں محکمہ صحت کے تعلقات عامہ کے افسر عطاء اللہ خان نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایاکہ ’خیبر میڈیکل کالج کے فرانزک میڈیسن اینڈ ٹوکسیکولوجی کے شعبہ میں ایک فرانزک لیبارٹری ہے۔‘

محکمہ صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے چیئرمین ڈاکٹر حکیم خان آفریدی نے بھی جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ اس لیبارٹری کا افتتاح فروری 2018 ءمیں کیا گیا تھا۔

حکیم خان آفریدی نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ’ہم نے اب تک مجموعی طور پر 460 کیسز  اور  11,000 نمونوں کا تجزیہ کیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس پوسٹ مارٹم، جنسی زیادتی اور ان تمام چیزوں کی سہولت موجود ہے جو فرانزک اور ٹاکسیکولوجی کے دائرے میں آتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیبارٹری 2018 ء سے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کر رہی ہے۔

تاہم، حکیم خان آفریدی نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی وضاحت دی کہ کچھ ڈی این اے کے نمونے پنجاب میں فرانزک لیبارٹری کو بھیجے جاتے ہیں کیونکہ خیبر پختونخوا میں اس سہولت کیلئے اسٹاف، خاص طور پر ڈی این اے ایکسپرٹس اور  فنڈز نہیں ہیں۔

ہمیںGeoFactCheck @پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔