08 فروری ، 2023
بھارت میں اہم سرکاری محکمے کی جانب سے ویلنٹائن ڈے منانے کے لیے شہریوں کو انوکھا مشورہ دیا گیا ہے۔
دنیا بھر میں 14 فروری کو محبت کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن بھارت میں جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے سرکاری ادارے نے ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے شہریوں کو دلچسپ مشورہ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کی جانب سے جاری اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ 14 فروری کو مثبت انرجی اور مشترکہ خوشیاں بانٹنے کے لیے گائے کو گلے لگانے (Cow Hug Day) کے دن کے طور پر منایا جائے۔
خیال رہے کہ بھارت میں گائے کو مذہبی درجہ حاصل ہے اور ہندوؤں کی بڑی تعداد اس کی پوجا کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت میں گائے کے ذبیحہ پر پابندی عائد ہے۔
اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کی جانب سے مغربی ثقافت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے مغربی کلچر اور ثقافت کی وجہ سے ہماری مذہبی روایات ختم ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں لہذا 14 فروری کو تمام افراد گائے کو گلے لگانے کے دن کے طور پر منائیں اور آپس میں خوشیاں بانٹیں۔