10 فروری ، 2023
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ نے مان لیا ہے کہ رجیم چینج انہوں نے کیا تھا۔
ایک کالم کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے صحافی کو بڑے فخر اور تکبر سے بتایا ہے کہ انھوں نے کن معاشی اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہماری حکومت ختم کی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ لوگ پہلے ہی جانتے تھے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کس نے گرائی ہے مگر جنرل باجوہ نے مان کر خود ہی وہ پردہ ہٹا دیا اور خود ہی واضح کردیا کہ یہ کام کس کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اسٹیبلمشمنٹ ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ اپنے کالم میں صحافی نے جنرل باجوہ کے حوالے سے لکھا تھا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ ان کی حکومت بچائی جائے مگر انہوں نے عمران خان کی حکومت گرنے سے اس لیے نہیں بچائی کیونکہ ان کی ریڈنگ تھی کہ یہ لوگ ملک کیلئے خطرناک ہیں، یہ رہے تو ملک نہیں رہے گا ۔