Time 11 فروری ، 2023
پاکستان

کراچی میں پولیس افسر اور اہلکار اغوا برائے تاوان میں ملوث نکلے، تھانے سے شہری بازیاب

ملزمان نے ضیاء الحق نامی شخص کو اغوا کر کے گھر والوں سے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا: پولیس۔ فوٹو فائل
ملزمان نے ضیاء الحق نامی شخص کو اغوا کر کے گھر والوں سے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا: پولیس۔ فوٹو فائل

کراچی میں پولیس افسر اور اہلکار اغوا برائے تاوان کی واردات میں ملوث نکلے اور تھانے سے ایک شہری کو بازیاب کروا لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اینٹی وائلینٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے یوسف پلازہ تھانے میں کارروائی کرتے ہوئے افغان کیمپ سے اغوا کیا گیا شخص بازیاب کرا یا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ اغوا میں ملوث ایک شخص عبداللطیف کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ سابق ایس ایچ او یوسف پلازہ تھانا سب انسپکٹر عمران محمود فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ایس ایچ اویوسف پلازہ سب انسپکٹر عمران کو 3 روز قبل ہٹا دیا گیا تھا، ملزمان کے ساتھی عبدالہادی اور دیگر مفرور  ہیں۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان نے ضیاء الحق نامی شخص کو 6 فروری کو افغان بستی سے اغوا کیا، عبداللطیف اور عبدالہادی نے مغوی کے گھر والوں سے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، ملزمان 6 لاکھ روپے تاوان دینے پر مغوی کو رہا کرنے پر راضی ہوئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے 9 فروری تک رقم نہ دینے پر مغوی کو قتل کرنے کی دھمکی دی، گلشن معمار تھانے میں 10 فروری کو مقدمہ درج ہونے پر تفتیش کا آغاز کیا گیا، سابق ایس ایچ او یوسف پلازہ تھانا اور اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں :