12 فروری ، 2023
روسی حاملہ خواتین میں بچوں کی شہریت حاصل کرنے کے لیے جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا جانےکا رجحان بڑھ رہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ارجنٹینا کے امیگریشن حکام کی جانب سے کہا گیا ہےکہ حالیہ مہینوں میں 5 ہزار سے زائد حاملہ روسی خواتین ارجنٹینا میں داخل ہوئیں ہیں۔
حکام کے مطابق صرف گزشتہ جمعرات کو ہی صرف ایک فلائٹ میں 33 حاملہ روسی خواتین ارجنٹینا پہنچی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل مائیگریشن ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ارجنٹینا میں تمام خواتین کی آمد حمل کے آخری ہفتوں میں ہوئی ہے۔
ایجنسی کے مطابق خواتین کے حمل کے آخری ہفتوں میں ارجنٹینا آنا اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہےکہ خواتین اپنے بچےکی پیدائش ارجنٹینا میں شہریت حاصل کرنے کے لیے چاہتی ہیں کیونکہ روسی پاسپورٹ میں اتنی آزادی حاصل نہیں ہے۔
نیشنل مائیگریشن ایجنسی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ روسی خواتین کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ وہ ملک میں سیر و تفریح کے غرض سے آرہی ہیں۔
ایجنسی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ دنیا بھر میں ارجنٹینا کا پاسپورٹ محفوظ ہے اور ارجنٹینا کے پاسپورٹ کے حامل افراد کو 171 ممالک میں فری ویزا کی سہولت حاصل ہے۔
مقامی میڈیا کی جانب سےکہا جارہا ہےکہ حاملہ روسی خواتین کی ارجنٹینا آمد میں اضافے کی ایک وجہ روس یوکرین جنگ ہوسکتی ہے۔