عاقب نے میری کپتانی میں کھیلا، اُنکی گیند وکٹ پر نہیں جاتی تھی: چاہت فتح علی خان

یہ سب کچھ آپ نے مجھ سے سیکھا ہے کیوں کہ شیخوپورہ میں جب آپ پہلی بار ٹرائل دینے آئے تھے میں آپ کا کپتان تھا: سوشل میڈیا پر معروف گلوکار کی جیو نیوز سے گفتگو/فوٹوفائل
 یہ سب کچھ آپ نے مجھ سے سیکھا ہے کیوں کہ شیخوپورہ میں جب آپ پہلی بار ٹرائل دینے آئے تھے میں آپ کا کپتان تھا: سوشل میڈیا پر معروف گلوکار کی جیو نیوز سے گفتگو/فوٹوفائل

سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے چاہت فتح خان نے دعویٰ کیا ہےکہ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے ان کی کپتانی میں کھیلے ہیں۔

لندن میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  چاہت فتح علی خان  نے عاقب جاوید  کے کام کو  سراہتے ہوئے ان کے لیے  پیغام جاری کیا۔

چاہت فتح علی خان نے عاقب جاوید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کررہے ہیں اور اس میں مجھے جو سب سے اچھا لگ رہا ہے وہ آپ کا پورے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاکر ٹرائلز لینا اور کیمپس لگانا ہے۔

 چاہت فتح علی خان  نے کہا کہ یہ سب کچھ آپ نے مجھ سے سیکھا ہے کیوں کہ  شیخوپورہ میں جب آپ پہلی بار ٹرائل دینے آئے تھے میں آپ کا کپتان تھا، اگرچہ آپ کی کوئی بال وکٹ میں نہیں جاتی تھی لیکن میں نے آپ کو ٹیم میں رکھ لیا تھا کیوں کہ آپ کا جمپ لگاکر بولنگ کروانا مجھے پسند تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے عمران خان نے بھی آپ کو رکھا تھا کیوں کہ  آپ جمپ لگاکر بال کرواتے تھے تو بیٹسمین کو پتا نہیں چلتا تھا کہ آنے والی آؤٹ سوئنگ ہے یا ان سوئنگ ہے لہٰذا کام کو جاری رکھیں آپ سے انشااللہ جلد ہی ملاقات ہوگی۔

 اپنے کرکٹ کیرئیر پر بات کرتے ہوئے  چاہت فتح علی خان نے کہا کہ بیرون ملک میرا ویزا ہی کرکٹ کی بنیاد پر لگا تھا، لاہور گورنمنٹ کالج اور پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ میرا کرکٹ کی بنیاد پر ہی ہوا تھا۔

چاہت فتح علی خان نے مزید کہا کہ میں نے لاہور قلندرز کیلئے گانا لکھ لیا ہے، اگر لاہور قلندر والے کہیں گے تو میں اس کو ریلیز کردوں گا۔

مزید خبریں :