Time 13 فروری ، 2023
کھیل

پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے کھلاڑی کی دنیا میں مانگ بڑھ جاتی ہے: عماد وسیم

عماد وسیم پریس کانفرنس کیلئے آئے تو ان سے اکثر سوالات کراچی کے ساتھ ساتھ بابر اعظم کے ماضی اور اس بار ان کی پشاور زلمی میں موجودگی پر ہی ہوئے— فوٹو: جیو نیوز
عماد وسیم پریس کانفرنس کیلئے آئے تو ان سے اکثر سوالات کراچی کے ساتھ ساتھ بابر اعظم کے ماضی اور اس بار ان کی پشاور زلمی میں موجودگی پر ہی ہوئے— فوٹو: جیو نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی کراچی کنگز کیلئے کافی خدمات ہیں جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا لیکن پلیئرز آتے جاتے رہتے ہیں، ٹیموں کو آگے بڑھنا پڑتا ہے، کراچی کنگز بھی آگے بڑھ چکی ہے۔

کراچی میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان پی ایس ایل میچ سے قبل عماد وسیم پریس کانفرنس کیلئے آئے تو ان سے اکثر سوالات کراچی کے ساتھ ساتھ بابر اعظم کے ماضی اور اس بار ان کی پشاور زلمی میں موجودگی پر ہی ہوئے۔

عماد وسیم نے کہا کہ ’فرنچائز کرکٹ میں کھلاڑی اِدھر اُدھر جاتے رہتے ہیں، اگر اور بہتر لڑکے آجاتے ہیں تو ٹیم بن جاتی ہیں، پلیئرز کے آنے جانے سے کچھ نہیں ہوتا، ٹیم نئے کھلاڑیوں سے بھی بن جاتی ہیں، بابر اعظم کی بہت زیادہ خدمات ہیں، اب وہ نہیں، اب ہم بہترین دستیاب پلیئرز سے اپنی فائنل الیون بنانے کی کوشش کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ سارے کھلاڑی اچھے ہوتے ہیں،کپتان کون ہے، کون نہیں، بابر آئیں یا نہیں، یہ ٹیم مالکان کا معاملہ ہے، میرا نہیں، کھلاڑی چاہے جو بھی ہو، بابر ہو، عامر ہو، شاہین ہو یا کوئی بھی،کسی کے آنے جانے سے کچھ نہیں ہوتا، ایمرجنگ کھلاڑی بھی ایک روز سپر اسٹار بن جاتا ہے، ایک پلیئر کے جانے سے جو خلا ہوتا ہے وہ پر ہو ہی جاتا ہے۔

عماد وسیم نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں بابر اعظم کا کراچی کنگز کیلئے بہت کردار رہا ہے جب ہم جیتتے تھے تو اس کا کافی اہم کردار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کیلئے ہر کوئی پرجوش ہیں، پی ایس ایل ہمارے لیے سب سے اہم ٹورنامنٹ ہے اور معنی رکھتا ہے، اس سے پاکستان کا کلچر پوری دنیا میں دکھا سکتے ہیں۔

قومی آلراؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل کیلئے غیر ملکی کھلاڑی بھی کافی پرجوش ہیں، اس لیگ نے دوسری لیگز اور انٹرنیشنل ٹیموں کو کھلاڑی دیے ہیں کیونکہ جو یہاں پرفارم کرتا ہے اس کی دنیا میں مانگ بڑھ جاتی ہے، اس لیے پلیئرز کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پی ایس ایل میں آکر پرفارم کریں، اب دنیا کے ٹاپ پلیئرز آرہے ہیں اور ہر کوئی مانتا ہے پی ایس ایل سخت ترین ایونٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جہاں بھی دنیا میں جاکر کھیلتا ہوں، یہی دیکھا ہے کہ جہاں مقامی پلیئرز مضبوط ہوتے ہیں وہ لیگ اچھی ہوتی ہے، پی ایس ایل میں ایسا ہی ہے، یہ ایک الگ لیول کی لیگ ہے، ہر ٹیم کے پاس زبردست مقامی کھلاڑی ہیں اس لیے یہ لیگ کافی ٹف ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر اہم بولر ہیں، پچھلے سال زخمی ہوگئے تھے اس سال وہ کافی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں، ان کا ورک لوڈ دیکھیں گے، شعیب ملک اہم پلیئر ہیں، ان کے مشورے میرے لیے کافی اہم ہوں گے۔

کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کیلئے اچھی بات ہے زیادہ میچز کراچی میں ہورہے ہیں، 12 واں کھلاڑی یہاں کا کراؤڈ ہوگا، اگر اچھا آغاز ہوا تو فائدہ مند ہوگا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر کپتان کا اپنا انداز ہے، میں جارح انداز میں کپتانی کرتا ہوں، ٹی ٹوئنٹی پوری دنیا میں کھیلتا ہوں اور جو سیکھتا ہوں اس کو اپلائی کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جیت ہار ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن اگر مثبت کھیلتے ہیں تو رزلٹ ملتے ہیں۔

کراچی کنگز کے کپتان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ پشاور ہمارا حریف ہے، کراچی لاہور کی تو نیچرل ہے لیکن زلمی سے ایسا کچھ نہیں، ہمارے لیے ہر میچ اہم ہے جس کے خلاف بھی کھیلیں، ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں، ہمیں ہر میچ میں فائٹ کرنا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ جب محمد رضوان کراچی کنگز میں تھے تو اس وقت کے آپشنز کو دیکھ کر رضوان کی جگہ نہیں بن رہی تھی، اس وقت بابر، ایلیکس ہیلز اور شرجیل تھے، خوشی ہے کہ رضوان دوسری فرنچائز میں گیا اور خود کو ثابت کردیا اور دوسروں کو غلط ثابت کیا ۔

انہوں کہا کہ بطور کھلاڑی یہی خواہش ہوتی ہے  پاکستان کیلئے کھیلیں، عزت اور وقار کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہوں اور ہمیشہ عزت کے ساتھ ہی کھیلوں گا تاہم فی الحال فوکس پاکستان سپر لیگ میں اپنی فرنچائز کیلئے اچھا کرنے پر ہے، اس سے آگے کی نہیں سوچ رہا۔

مزید خبریں :