15 فروری ، 2023
اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج کردی۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج جواد عباس نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کردی۔
انسداددہشتگردی عدالت نےبھی عمران خان کو ڈیڑھ بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی لیکن وہ مقررہ وقت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت خارج کردی۔
عدالت کا کہنا ہےکہ ایک بلٹ انجری پر کسی ملزم کو اتنی رعایت نہیں دی جاسکتی ہے، اگر اتنی رعایت دی گئی تو یہ تمام ملزمان کے لیے ہوگی اور عدالت ایسی کوئی نظیر قائم کرنا نہیں چاہتی۔
واضح رہےکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں عمران خان عبوری ضمانت پر تھے اور عدالت نے آج تک حاضری کے لیے عمران خان کو مہلت دے رکھی تھی۔
ماہرین کی رائے
ماہر قانون اور سابق صدر سپریم کورٹ بار یاسین آزاد کا کہنا ہےکہ عمران خان کے پاس اب آپشن ہے کہ وہ عدالت کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرسکتے ہیں اور وہ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے سکتے ہیں جس میں وہ حفاظتی ضمانت کے بعد اے ٹی سی میں پیش ہوسکتے ہیں، بصورت دیگر انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق عمران خان اگر اس فیصلے کے بعد کوئی ریلیف حاصل نہیں کرتے تو پولیس کے پاس انہیں گرفتار کرنے کا آپشن ہے۔