Time 15 فروری ، 2023
کھیل

لگتا ہے انجری سے گہرا تعلق ہوگیا، ایک سے جان چھوٹتی تو دوسری ہوجاتی ہے: صہیب مقصود

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج بیٹر صہیب مقصود کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں دو مرتبہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ جیتنے والے پہلے پلیئر بننے کا اعزاز حاصل کریں۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں صہیب مقصود نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ اسلام آباد کی جانب سے کھیل رہے ہیں، ماضی میں جب دوسری ٹیم سے بھی کھیلتے تھے تو اسلام آباد کو ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک تصور کرتے تھے، اس بار بھی اسلام آباد کی ٹیم مختلف نہیں ہوگی، کمبی نیشن اچھا ہے، ہر شعبے میں اچھے پلیئرز موجود ہیں، ٹیم اچھے رزلٹس کیلئے پر اعتماد ہے۔

35 سالہ جارح مزاج بیٹر نے کہا کہ بظاہر تو ہر ٹیم ہی بیلنس لگ رہی ہے، ابتدائی دو میچز دیکھ کر یوں لگ رہا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی فیلڈنگ کرنا پڑے گی اور اچھی فیلڈنگ ہی ٹیموں کے درمیان فرق پیدا کرے گی۔ بیٹنگ اور بولنگ میں ٹیمیں ہم پلہ ہیں۔

صہیب مقصود کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اپنی برانڈ آف کرکٹ کو ذہن میں رکھ کر ہی اسکواڈ میدان میں اتارے گی، منیجمنٹ نے یہی کہا ہے کہ جاکر کھل کر کھیلوں، جہاں موقع ملا پرفارم کرکے ٹیم کو جتوانے کی کوشش کروں گا۔

مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا تھا کہ منیجمنٹ کی جانب سے کھل کر کھیلنے کی ہدایت ملنا ہر پلیئر کیلئے حوصلہ افزا ہوتا ہے لیکن کھل کر کھیلنے کا مطلب ہرگز  یہ نہیں کہ پہلی گیند پر جاکر شاٹ گھما دیں، کھل کر کھیلنے کا مطلب ہے اپنے نیچرل اسٹائل پر اعتماد کرتے ہوئے اننگز کھیلیں۔

اپنے ذاتی اہداف کے بارے میں بات کرتے ہوئے صہیب مقصود نے کہا کہ پچھلے سال تو ان کا ٹورنامنٹ اچھا نہیں گزرا تھا لیکن اس بار خواہش ہے کہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ جیتیں اور پی ایس ایل کی تاریخ میں دو مرتبہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتنے والے پہلے کھلاڑی بنیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو فوکس پاکستان سپر لیگ پر ہے، پرفارمنس دے رہے ہیں، پچھلی بار بھی پرفارمنس دے کر کم بیک کیا مگر بدقسمتی سے انجرڈ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ انجری سے گہرا تعلق ہوگیا ہے، ایک انجری سے جان چھوٹتی تو دوسری ہوجاتی ہے، اپنا روٹین تبدیل کیا ہے، کھانے پینے اور نیند کا شیڈول بدلا ہے، امید ہے اس بار پورا سیزن فٹ رہوں گا اور ٹیم کیلئے اچھا پرفارم کروں گا۔

ایک سوال پر صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ بہت بڑا برانڈ بن چکا ہے اس کو دیکھ کر کافی فخر محسوس ہوتا ہے، پچھلے دنوں جب وہ ملتان میں تھے تو پی ایس ایل کا جوش ناقابل یقین تھا، وہاں انٹرنیشنل کرکٹ بھی دیکھی دیگر میچز بھی دیکھے لیکن ایسا جوش کبھی نہیں دیکھا جیسا جوش پی ایس ایل پر ہے جو کافی خوش آئند بات ہے۔

مزید خبریں :