Time 16 فروری ، 2023
صحت و سائنس

وہ عادات جو آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کی وجہ بنتی ہیں

آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ہونے کی وجوہات مختلف ہیں، جن میں جینیات، صحت، عمر اور طرز زندگی شامل ہے/ فائل فوٹو
آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ہونے کی وجوہات مختلف ہیں، جن میں جینیات، صحت، عمر اور طرز زندگی شامل ہے/ فائل فوٹو

آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کی شکایت تقریباً ہر عمر کے افراد ہی کرتے ہیں، یہاں تک کہ کبھی کبھار سیاہ حلقے بچوں کی آنکھوں کے گرد بھی دکھائی دیتے ہیں۔

انڈین جرنل آف ڈرماٹولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے 16 سے 25 سال کی عمر کے لوگوں میں زیادہ پائے جاتے ہیں، جب کہ خواتین میں 81 فیصد سیاہ حلقے زیادہ پائے جاتے ہیں جن میں سے اکثریت گھریلو خواتین کی ہے۔

آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ہونے کی کیا وجہ ہے؟

آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ہونے کی وجوہات مختلف ہیں، جن میں  جینیات، صحت، عمر اور طرز زندگی شامل ہے۔

اس کے علاوہ نیند کی کمی، پانی کی کمی اور الرجی بھی سیاہ حلقوں کی وجہ بن سکتے ہیں۔

اِن ضدی حلقوں سے کیسے جان چھڑائیں؟

بہت سی چیزیں لوگ سیاہ حلقوں سے چھٹکارے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جیسے کہ کوئی کریم، کھیروں کو کیوبز کی شکل میں جماکر لگانا تاہم ان سے چھٹکارے کے لیے اہم یہ ہے کہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے، یہ حلقے ہو کیوں رہے ہیں۔

کیونکہ جب آپ کو معلوم ہوگا کہ سیاہ حلقے ہونے کی کیا وجہ ہے، تو آپ اسی حساب سے اس کا علاج کرسکیں گے، مثال کے طور پر اگر یہ جینیاتی ہیں تو اچھی اور بہتر نیند اس سے چھٹکارے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

آئیے چھٹکارے کے کچھ طریقے جانیں:

اچھی نیند اور پانی کا زیادہ استعمال

سیاہ حلقوں کی سب سے عام وجہ نیند کی کمی ہے، جب ہم مکمل نیند نہیں لیتے ہیں، تو ہماری جلد ماند اور زرد نظر آنے لگتی ہے، جس کی وجہ سے سیاہ حلقے مزید نمایاں ہوتے ہیں۔

زیادہ پانی پینا بھی سیاہ حلقوں کی ظاہری شکل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ہائیڈریٹ رہنا جلد کو تازہ بنا سکتا ہے اور جھریاں بھی نہیں ہونے دیتا۔

آنکھوں کی کریم اور سیرمز

کیا ریٹینول سیاہ حلقوں میں مدد کرتا ہے؟ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ ریٹینول فائدہ مند ہے لیکن وہ ہی بات ہے کہ ہر شخص کی جلد کے لحاظ سے اس کے نتائج مختلف ہوسکتے ہیں۔

آنکھوں کی کریمیں اور سیرم سیاہ حلقوں کو کم کرنے میں کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایسی مصنوعات استعمال کریں جن میں وٹامن سی، ریٹینول اور کیفین جیسے اجزاء شامل ہوں۔

گھریلو ٹوٹکے

کئی گھریلو ٹوٹکے بھی کچھ لوگوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں لہٰذا انہیں کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، کھیرے کے ٹکڑے، ٹی بیگز، اور کولڈ کمپریسس آنکھوں کے گرد حلقوں اور سوجن کو کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

کچھ لوگ کھوپرے کے تیل سے آنکھوں کے گرد مالش بھی کرتے ہیں، وہ بھی سیاہ حلقوں سے چھٹکارے کے لیے بہترین ہیں کیونکہ اس سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے۔