76 سالہ طالب علم نے 50 سال بعد پی ایچ ڈی مکمل کرلی

76 سالہ ڈاکٹر نک ایکسٹن جن کا تعلق سومرسیٹ سے ہے، انہوں نے 1970 میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا تھا جنہیں یہ ڈگری مکمل کرنے میں 50 سال لگ گئے/ فوٹو برطانوی میڈیا
76 سالہ ڈاکٹر نک ایکسٹن جن کا تعلق سومرسیٹ سے ہے، انہوں نے 1970 میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا تھا جنہیں یہ ڈگری مکمل کرنے میں 50 سال لگ گئے/ فوٹو برطانوی میڈیا

کہا جاتا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی اور دنیا میں کئی ایسی مثالیں موجود ہیں جس میں علم کے طلب گاروں نے اپنی ساری زندگی تعلیم حاصل کرنے میں وقف کی۔

اب حال ہی میں ایک برطانوی شہری نے 76 برس کی عمر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 76 سالہ  ڈاکٹر نک ایکسٹن جن کا تعلق سومرسیٹ سے ہے، انہوں نے 1970 میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا تھا جنہیں  ڈگری حاصل  کرنے میں 50 سال لگ گئے۔

رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر نک کو 1970 میں امریکا کی یونیورسٹی آف پٹسبرگ میں میتھ میٹیکل سوشیولوجی میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپ ملی لیکن 5 سال بعد وہ پی ایچ ڈی مکمل کیے بغیر برطانیہ واپس چلے گئے۔

تاہم اب  برطانیہ کی یونیورسٹی آف برسٹل نے انہیں فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دی، اس موقع پر ان کی اہلیہ اور 11 سالہ پوتی بھی موجود تھی۔

فوٹو: برطانوی میڈیا
فوٹو: برطانوی میڈیا

ڈاکٹر ایکسٹن کو امید ہے کہ وہ اپنی گزشتہ تحقیق شائع کرسکیں گے جس پر انہوں نے 50 سال قبل امریکا میں کام کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو کام میں اس وقت کر رہا تھا وہ کافی مشکل تھا، میں انسانی رویے کو سمجھنے کی کوشش اور اس پر کام کررہا تھا۔

ڈاکٹر ایکسٹن کے مطابق جب میں نے برسٹل یونیورسٹی میں تعلیم کا دوبارہ آغاز کیا تب میری کلاس کے طالب علموں کی عمریں 23 برس تھیں جنہوں نے مجھے خوشی سے قبول کیا۔

انہوں نے 2016 میں برسٹل یونیورسٹی سے ایم اے کیا اور پھر 2022 میں وہاں سے 75 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی مکمل کی جنہیں اب ڈگری بھی مل چکی ہے۔

مزید خبریں :