فیکٹ چیک: کیا پنجاب حکومت نے بسنت پر پابندی ختم کر دی ہے؟

ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو اس دعویٰ کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے کہ پنجاب میں نگران حکومت نے پتنگ بازی پر 17 سالہ پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے

صوبہ پنجاب کی نگران حکومت نے اس برس پتنگ بازی کی سرگرمیوں کی اجازت دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو اس دعویٰ کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے کہ پنجاب میں نگران حکومت نے پتنگ بازی پر 17 سالہ پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

9 فروری کو ایک ٹک ٹاکرنے اپنے اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں مختلف نیوز چینلز کی فوٹیج کو ایک ساتھ ملایا گیاتھا، جن میں ٹیلی ویژن اینکرز نے بتایا کہ پنجاب نے فروری میں بسنت کی تقریبات کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ویڈیو میں پنجاب کے سابق وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کوبھی یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ” یہ اصولی فیصلہ ہو گیا ہے، بسنت منائی جائے گی۔“

https://www.tiktok.com/@s_k_kite_lover_1/video/7197687501950045466

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس ویڈیو کو 979,000سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

حقیقت

23 جنوری کو اقتدار میں آنے والی پنجاب کی نگران حکومت نے اس موسم بہار میں صوبے میں پتنگ بازی کی سرگرمیوں کی اجازت دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

جیو فیکٹ چیک نے پنجاب کے موجودہ وزیر اطلاعات عامر میر سےرابطہ کرکے معلوم کیا کہ کیا اس سال بسنت کی اجازت دی جائے گی؟

فیکٹ چیک: کیا پنجاب حکومت نے بسنت پر پابندی ختم کر دی ہے؟

انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعےبھیجے گئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ”ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔“

اس حوالے سے ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ” 14 فروری کو پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں جشن بہاراں منانے کا فیصلہ ہوا تھالیکن بسنت منانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔“

عامر میرنے جیو فیکٹ چیک کے ساتھ ایک خبر کا لنک بھی شیئر کیا جس میں واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ صوبہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حکم دیا ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جہاں تک ٹک ٹاک پر گردش کرنے والی ویڈیو کا تعلق ہے، نجی نیوز چینلز کی یہ ویڈیوز دسمبر 2018 ءکی ہیں، جب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان پنجاب کے وزیر اطلاعات تھے۔

یہ اعلان فیاض الحسن چوہان نے ا س وقت کیا تھا کہ حکومت نے پتنگ بازی پر سے پابندی ہٹا دی ہے۔

تاہم چند روز بعد اس اعلان کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا جس کے بعد اس وقت کی پنجاب حکومت نے اپنا فیصلہ واپس لے لیاتھا۔

پتنگ بازی کے تہوار بسنت پر 2005 ءمیں پابندی عائد کی گئی تھی۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔