Time 17 فروری ، 2023
دنیا

ترکیہ میں زلزلے کے 11 روز بعد ایک شخص کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے کے 11 روز بعد ترکیہ کے جنوبی صوبے حاطے میں زمیں بوس ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا۔

ترک وزیر صحت کی جانب سے زلزلے کے 11 روز بعد مصطفیٰ نامی 33 سالہ نوجوان کو ملبے سے زندہ نکالے جانے کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے ترکیہ کے شہر قہرامان ماراش میں واقع اپارٹمنٹ کے ملبے سے 10 روز بعد 248 گھنٹے تک ملبے کے نیچے پھنسی ہوئی 17 سالہ لڑکی کو زندہ نکالا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کے تعداد 44 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

حکام کے مطابق ترکیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 38 ہزار 44 جبکہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 800 سے متجاوز ہو گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی اہلکاروں کی جانب سے ملبے تلے دبے ہوئے لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ زندگی کی امید دھیمی پڑتی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :