Time 18 فروری ، 2023
دنیا

ترکیہ: زلزلہ زدگان 2 بچوں نے رضاکاروں کی دی گئی 'چاکلیٹس' لینے سے کیوں انکار کیا؟

ویڈیو میں دو ترک بچوں کو دکھایا گیا ہے جنہیں رضاکار چاکلیٹس دیتے ہیں لیکن دونوں ہی بچے انہیں لینے سے انکار کردیتے ہیں/ فوٹو ترک میڈیا
ویڈیو میں دو ترک بچوں کو دکھایا گیا ہے جنہیں رضاکار چاکلیٹس دیتے ہیں لیکن دونوں ہی بچے انہیں لینے سے انکار کردیتے ہیں/ فوٹو ترک میڈیا

ترکیہ اور شام میں 6 فروری کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 43 ہزار سے بڑھ چکی ہے، جہاں ہزاروں افراد جان سے گئے وہیں لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔

ترک میڈیا سمیت غیر ملکی میڈیا پر بھی گزشتہ دو ہفتوں سے دل خراش مناظر دیکھنے میں سامنے آرہے ہیں اور اب ایک ایسی ہی ویڈیو ترکی کے میڈیا نے سوشل میڈیا پر جاری کی جس نے دیکھنے والوں کے دل پگھلا دیے۔

ویڈیو میں دو ترک بچوں کو دکھایا گیا ہے جنہیں رضاکار چاکلیٹس دیتے ہیں لیکن دونوں ہی بچے انہیں لینے سے انکار کردیتے ہیں۔

رضاکار جب چاکلیٹ دیتے ہیں تو ان میں سے پیلی جیکٹ والا بچہ کہتا ہے کہ 'میں یہ نہیں کھاؤں گا'، رضاکار اسے کھانے پر اصرار کرتے ہیں، دوسرا بچہ چاکلیٹ واپس کرتے ہوئے کہتا ہے 'یہ دوسروں کو دے دیں'۔

رضاکار اس سے سوال کرتے ہیں کہ یہ ہمیں دوسروں کو کیوں دینی چاہیے؟ اس پر سیاہ جیکٹ والا بچہ جواب دیتا ہے کہ 'یہ چاکلیٹس دوسروں کو ملنی چاہیے تاکہ وہ بھی اسے کھاسکیں'۔

رضاکار بچے کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کیا یہ تمہیں پسند نہیں؟ تم لے لو، ان کے لیے بھی ہیں، جس پر بچہ کہتا ہے 'میں پھر بھی یہ دوسروں کے لیے چھوڑنا چاہوں گا، آپ یہ کسی اور کو دے دیں، یہ دوسروں کی قسمت میں ہیں'۔

مزید خبریں :