18 فروری ، 2023
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صدر مملکت عارف علوی کو لکھا گیا خط منظرعام پر آگیا۔
الیکشن کمیشن نے صدر کے خط کے جواب میں کہا ہے کہ صدر مملکت ریاست کے سربراہ ہیں اور تمام آئینی ادارے صدر مملکت کے ماتحت ہیں، کمیشن ایوان صدر کی جانب سے رہنمائی کا احترام کرتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے خط کے متن کے مطابق صدر مملکت کے خط میں بہتر الفاظ کا چناؤ کیا جا سکتا تھا، آئینی ادارے کو مخاطب کرنے کے لیے بہتر الفاظ کا چناؤ ضروری ہے، الیکشن کمیشن آئین اور قانون کی پاسداری کرتا ہے۔
کمیشن کے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا صدر مملکت اور گورنرز کے اختیارات ہیں، صدر مملکت ہی قومی اسمبلی تحلیل اور عام انتخابات کا اعلان کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ صدر عارف علوی نے خط کا جواب نہ دینے پر الیکشن کمیشن پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن پر مشاورت کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو دوسرا خط لکھا تھا۔