19 فروری ، 2023
الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کے لیے صدر مملکت کی مشاورت کی دعوت کو مسترد کر دیا۔
پنجاب اور خیبر پختوانخوا (کے پی) اسمبلی کے الیکشن کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید نے صدر مملکت کو خط لکھا ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ پنجاب اور کے پی میں انتخابات کا معاملہ مختلف عدالتی فورمز پر زیر التوا ہے، الیکشن کمیشن ابھی صدارتی آفس سے مشاورت کے عمل میں داخل نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن اس متعلق پیرکو اجلاس میں فیصلہ کرےگا۔
خط میں کہا گیا ہے صدر کا دفتر سب سے اعلیٰ آئینی ادارہ ہے، صدر ریاست کے سربراہ ہیں، الیکشن کمیشن صدر مملکت کا احترام کرتا ہے۔
خط کے متن کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری سے آگاہ ہے، گورنر خیبرپختونخوا اورپنجاب نے ابھی تک عام انتخابات کی تاریخ نہیں دی،گورنرپنجاب نےکہا کہ وہ معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ سے رہنمائی کے لیے درخواست دائر کی ہے، پشاور ہائی کورٹ میں بھی 3 درخواستیں دائر ہیں، آئین اسمبلی تحلیل پر الیکشن کمیشن کوپولنگ کی تاریخ کا اعلان کرنےکا اختیار نہیں دیتا۔