20 فروری ، 2023
بھارتی ریاست کرناٹک کے ہاسن ضلع میں 20 سالہ نوجوان نے آن لائن آرڈر کیے آئی فون کے لیے رقم نہ ہونے پر مبینہ طور پر ڈیلیوری ایجنٹ کو ہی قتل کر دیا اور لاش گھر میں چھپا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیمانت دت نامی نوجوان نے آئی فون آرڈر کیا اور جب ڈیلیوری بوائے اسے دینے آیا تو ہیمانت نے اس کی کمر میں چاقو کے وار سے قتل کردیا اور لاش گھر میں چھپا دی۔
بعدازاں اس نے لاش قریبی ریلوے اسٹیشن پر جلا دی اور قتل کا ثبوت ختم کرنا چاہا لیکن ناکام رہا۔
رپورٹس کے مطابق 11 فروری کو ریلوے اسٹیشن کے قریب سے لاش کے کچھ آثار ملے جس پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا، مقتول کی شناخت 23 سالہ ہیمانتھ نائیک کے نام سے ہوئی جو ای کارٹ ایکسپریس میں ملازمت کرتا تھااور اس رات وہ سیکنڈ ہینڈ فون ڈیلیور کرنے گیا تھا۔
تاہم جب وہ ملزم کے گھر پہنچا اور فون کے لیے 46 ہزار روپے کا مطالبہ کیا تو اس نے ہیمانتھ نائیک کو قتل کردیا اور لاش کو ریلوے اسٹیشن کے قریب جلانے سے پہلے چار دن تک اپنے گھر میں چھپائے رکھا۔
ملزم ایک بیگ میں لاش کو ڈال کر ریلوے اسٹیشن پر لے کر گیا جس کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی جس کی مدد سے پولیس ملزم تک پہنچی اور اسے گرفتار کیا۔