20 فروری ، 2023
متعدد سوشل میڈیا صارفین ایک تصویر اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کررہے ہیں کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ بیٹھی خاتون بھارتی شہری ہے جس کی تصویر کو فوٹو شاپ کر کے عمران خان کے ساتھ بٹھا دیا گیا ہے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین اس دعویٰ پر یقین کرتے نظر آتے ہیں حالانکہ یہ دعویٰ بالکل جھوٹا ہے۔
12 فروری کوایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ایک ٹویٹ کے عنوان میں لکھا کہ ”تجربہ کار سائبر سیل والوں نے بھارتی شادی میں شریک خاتون کو فوٹو شاپ کر کے نوسر باز کے ساتھ بٹھا دیا اور آفیشل پیج سے تصویر شیئر بھی کر دی۔“
اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس ٹویٹ کو 1 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔
اس ٹویٹ کے نیچے کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی سیاسی جماعت پر ” جھوٹ“ اور ”پروپیگنڈا“ کا الزام بھی لگایا۔
اس تصویر کوفوٹو شاپ نہیں کیا گیا ۔
یہ تصویر 31 جنوری 2020 ءکو اسلام آباد میں حکومت کے زیر انتظام ہونے والے ایک سماجی تحفظ کے پروگرام’ احساس کفالت‘ کے لیے منعقد کی جانے والی ایک تقریب میںلی گئی۔ اس وقت عمران خان پاکستان کے وزیراعظم تھے۔
اس تقریب میں شرکت کرنے والی غریب خواتین میں 2000 روپےپر مشتمل ماہانہ وطائف بھی تقسیم کئے گئے۔
احساس پروگرام کی بانی ڈاکٹر ثانیہ نشترنے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ” ان کو ہم نے سرمنی [تقریب] میں شرکت کروائی تھی، پرائم منسٹر کے ساتھ اس عورت کو بٹھایا تھا۔“
اس تقریب کو سرکاری ٹی وی چینل پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر بھی براہ راست دکھایا گیا تھا جہاں اس خاتون کو واضح طور پر عمران خان کے ساتھ بیٹھا اور بعد میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے نقد رقم وصول کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو 2020 ءمیںوزیراعظم آفس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی شیئر کی گئی تھی۔
خاتون ہندوستانی شہری نہیں ہے ان کا نام مقصود بی بی ہے اور وہ پنجاب کے شہر چکوال میں رہتی ہیں۔
مقصودبی بی ان 12 خواتین میں شامل تھیں جنہیں2020 ءمیں اس دن وظیفہ دیا گیا تھا۔
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔