23 فروری ، 2023
بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران نے خود گرفتاری دی ہے ، گرفتاری سے پہلے وزیراعلیٰ سے مشورہ بھی کیا ہوگا۔
ضیا لانگو نےجیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رات کو کوئٹہ میں اور صبح سردار کھیتران کے گاؤں پر چھاپا مارا گیا ،گرفتاری کے لیے کسی نے تحریری طور پر درخواست نہیں دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ گراں ناز کے بچے بازیاب ہو جائیں، خاتون کا شوہر مجھ سے رابطہ کرے تو اسے سکیورٹی دیں گے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بارکھان میں خاتون اور اس کے 2 بیٹوں کے قتل کے الزام میں بلوچستان کے برطرف وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کو بارکھان میں 3 افراد کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے اور تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
سردار عبدالرحمان کھیتران نے خود پر لگے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی جبکہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے گھر سے گراں ناز مری کے بچوں کی مبینہ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جس میں سردار عبدالرحمان کھیتران کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کے دو بیٹوں کی لاشیں ملیں، چند روز قبل سوشل میڈیا پر خاتون کی قرآن پاک ہاتھ میں لیے نجی جیل سے رہائی کی دہائیاں دیتی ہوئی ویڈیو سامنے آئی تھی۔