23 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل افغانستان کے جارح مزاج بیٹر رحمان اللہ گرباز کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کیخلاف میچ سے قبل پشاور کے کپتان بابر اعظم سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں بابر نے انہیں بیٹنگ پر مشورے دیے، بیٹنگ کے دوران بابر کے مشوروں پر عمل کیا جس سے بہت فائدہ ہوا۔
رحمان اللہ گرباز نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دی۔ رحمان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کیلئے بابر کے مشورے ان کے کام آئے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ میچ سے قبل ان کی بابر اعظم سے کافی تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں بابر نے اپنا تجربہ شیئر کیا اور جو کچھ بابر اعظم نے بتایا اننگز کے دوران ان باتوں کو اپلائی کرنے کی کوشش کی۔ رحمان اللہ گرباز نے کہا کہ بابر سے مائنڈ سیٹ اور اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کے بارے میں پوچھا تھا۔
افغان کرکٹر نے کہا کہ ان کی پہلے سوچ تھی کہ ہر گیند کو ہٹ کرنا ہے لیکن بابر نے بتایا کہ گیند کا میرٹ کیسے پرکھنا ہے اور کس صورتحال میں کیا کرنا ہے، خوشی ہے کہ بابر سے مشورے لیے اور اس پر عمل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیریز سے قبل افغانستان کے کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت کافی مفید ہے، اس سے افغانستان کے کھلاڑیوں کو پاکستان کی اسٹرینتھ سمجھنے کا کافی اچھا موقع مل جائے گا۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں کوالٹی کرکٹ ہوتی ہے، اس لیگ کی سب سے اچھی بات یہاں کے فاسٹ بولرز ہیں کیوں کہ ہر دوسرا بولر برق فتاری سے گیند کرتا ہے جن کو کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔
رحمان اللہ گرباز کا کہنا تھا کہ راشد خان خطرناک بولر ہیں لیکن انہیں راشد کو کھیلنا آتا ہے، اگر راشد نے کوئی بری گیند کی تو اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی لیکن عام طور پر راشد جیسے بولر کو سنبھل کر ہی کھیلنا ہوتا ہے کیوں کہ وہ بہت کم ہی غلطی کرتا ہے۔