فیکٹ چیک : جان ابراہم نے کپل شرما شو میں وزیر اعظم شہبازشریف کا ذکر نہیں کیا

کپل شرما شو کی ویڈیو کو ڈیجیٹل طریقےسے تبدیل کر کے اس کو سیاسی رنگ دیا گیا ہے

بہت سارے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی اداکار جان ابراہم کی ایک ایڈٹ کی گئی ویڈیو شیئر کی جس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو ”بھکاری“ کہا گیا ہے۔

دعویٰ

یکم فروری کو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں ایک بھارتی کامیڈی شو کے میزبان کپل شرما نے جان ابراہم سے ایک پہیلی پوچھی کہ ”وہ کون ہے جو بھکاری نہیں ہے، لیکن پیسے مانگتا ہے؟“

جس پر اداکار جان ابراہم نے جواب دیا: ”شہباز شریف۔“

اس ویڈیو کے عنوان میں لکھا گیا کہ ”شرم سے ڈوب مرو پٹواریو اب تو ہمسایہ کے لوگ بھی بول رہے ہیں۔ “

اس ویڈیو کو 6 فروری کو ایک فیس بک اکاؤنٹ سے بھی اس عنوان کے ساتھ شیئر کیا گیاکہ”کپل شرما اور جان ابراہم کے اس گھٹیا فعل کی میں مذمت کرتا ہوں ، شہباز شریف جیسا بھی ہے ہمارے ملک کا وزیراعظم ہے۔“

یہی ویڈیو ایک یوٹیوب چینل پر بھی پوسٹ کی گئی جہاں اس ویڈیو کو 5 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

حقیقت

ویڈیو کو ڈیجیٹل طور پر تبدیل کر کے اس کو سیاسی رنگ دیا گیا ہے۔

بھارتی کامیڈین کپل شرما کا یہ شو 21 دسمبر کو نشر کیا گیا تھا۔ ایک گھنٹے 10 منٹ کے دورانیے پر مشتمل پروگرام کی یہ قسط سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

ویڈیو کے 44 ویں منٹ پرمیزبا ن کپل شرمانے جان ابراہم سے پوچھا کہ ”وہ کون ہے جو بھکاری نہیں ہےلیکن پیسے مانگتا ہے،لڑکی نہیں ہے لیکن پرس رکھتا ہے،پجاری نہیں ہے لیکن گھنٹی بجاتا ہے؟“

جان ابراہیم نے جواب میں کہا : ” بس کنڈکٹر۔“

بالی وڈ اداکار کے جواب کو ایڈٹ کیا گیا تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔