Time 26 فروری ، 2023
دنیا

ترکیہ سے غیرقانونی طریقے سے اٹلی جانیوالی کشتی ڈوب گئی، پاکستانیوں سمیت 58 افراد ہلاک

کشتی میں 120 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے 81 کو بچا لیا گیا، باقی کی تلاش کا کام جاری ہے: اٹلی حکام — فوٹو: اسکائی نیوز
کشتی میں 120 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے 81 کو بچا لیا گیا، باقی کی تلاش کا کام جاری ہے: اٹلی حکام — فوٹو: اسکائی نیوز

ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر  میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 58  افراد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق غیرقانونی مہاجرین کی کشتی ترک شہر ازمیر سے اٹلی جاتے ہوئے گہرے سمندر میں حادثے کا شکار ہوئی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر تباہ ہوئی اور اس کا ملبہ آج اٹلی میں کلابریا کے ساحل پر پہنچا۔

اٹلی کے حکام کے مطابق کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 58 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ ہلاک غیرقانونی مہاجرین کا تعلق پاکستان، افغانستان اور صومالیہ سے ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کئی افراد کی لاشیں تیرتے ہوئے ساحل پر پہنچیں، کشتی میں 120 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے 81 کو بچا لیا گیا ہے اور باقی کی تلاش کیلئے سمندر میں آپریشن جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 22 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں سوار مبینہ پاکستانیوں کی تصاویر اور دیگر دستاویزات زیر گردش ہیں تاہم اس کی مصدقہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :