28 فروری ، 2023
حال ہی میں معروف گولفر حمزہ امین سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ اشنا شاہ شادی کی تصاویر لیک ہونے پر فیشن بلاگر اے بی لاکھانی پر برس پڑیں۔
اشنا شاہ کی جانب سے کچھ گھنٹوں قبل ہی آفیشلی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں تاہم اس سے قبل اشنا کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں۔
اب اس حوالے سے اشنا شاہ کی ایک اسٹوری سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے شادی کے دعوت نامے پر درج شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر اے بی لا کھانی کو کھری کھری سنادی۔
اشنا شاہ نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’اے بی لاکھانی اور میں ایک دوسرے کو سالوں سے جانتے ہیں اور انہیں ذمہ داری کے تحت مدعو کیا گیا تھا جو اس جگہ بھی موجود تھے جہاں دعوت نامے ڈیزائن کیے گئے، انہیں بھیجے گئے دعوت نامے میں واضح کیا گیا تھا کہ وہ اپنے ساتھ کسی کو نہ لائیں، ان سمیت دیگر مہمانوں کو بھی بھیجے گئے دعوت نامے میں کہا گیا تھا کہ اپنے ساتھ کسی کو نہ لائیں وہ نہ صرف اپنے ساتھ اضافی مہمان لائے بلکہ ایک فوٹوگرافر بھی لائے جس پر انہوں نے میری فیملی کو جھوٹ بولا کہ میں نے انھیں اجازت دی تھی ‘۔
اشنا شاہ نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’اس فوٹوگرافر نے بلااجازت ایکسکلوژو تصاویر مختلف پورٹلز کو بھیج دیں، وہ فوٹوگرافر ڈرون بھی لے آیا تھا جس نے ہماری نکاح نامے پر دستخط کے لمحات بھی ریکارڈ کرلیے جسے دیکھ کر میں روپڑی، میرے نکاح نامے پر دستخط کے وقت میرے سر پر منڈلاتا ایک ڈرون مجھ سے ٹکرایا جس پر میں پریشان ہوگئی کہ آخر یہ کون ہے‘۔
اداکارہ نے فوٹوگرافرز پر برستے ہوئے مزید لکھا کہ ’اس شخص میں کوئی اخلاقیات نہیں، نہ کوئی اصول ہے، میں نے انہیں شائستگی کے تحت دعوت نامہ بھیجا تھا لیکن انہوں نے نہیں دکھائی‘۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک اور اسٹوری میں فیشن فوٹوگرافر کو بھیجے گئے دعوت نامے کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں اپنے ساتھ اضافی مہمان ساتھ نہ لانے اور تصاویر، ویڈیوز ریکارڈ پر سختی سے پابندی واضح ہے۔