کے 2 کی چوٹی کے قریب پیرا گلائیڈنگ کی حیرت انگیز ویڈیو

بیجلیئم اور اسپین کے پیرا گلائیڈرز نے یہ پرواز کی / اسکرین شاٹ
بیجلیئم اور اسپین کے پیرا گلائیڈرز نے یہ پرواز کی / اسکرین شاٹ

تاریخ میں پہلی بار 2 پیرا گلائیڈرز نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے 2 (K2) کی چوٹی کے قریب پرواز کی ہے۔

بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے پیرا گلائیڈر ٹام ڈی ڈورلوڈوٹ اور اسپین سے تعلق رکھنے والے پیرا گلائیڈر Horatio Llorens نے کے 2 کے ایسے مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیے، جو پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئے تھے۔

ٹام ڈی ڈورلوڈوٹ نے بتایا کہ 'یہ مناظر ہمیشہ میرے ذہن میں محفوظ رہیں گے، یہ پہلی بار تھا جب کے 2 کے قریب پرواز کی گئی اور اسے ریکارڈ کیا گیا'۔

دونوں پیرا گلائیڈرز نے یہ پرواز جولائی 2022 میں کی تھی مگر اب اس سفر کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔

ان دونوں نے بلتورو گلیشیئر میں بیس کیمپ بنایا تھا جو سطح سمندر سے 10 ہزار فٹ بلند تھا اور 4 ہفتوں تک وہاں مختصر پروازوں کی مشق کی۔

اس کے بعد ایک درجن 60 میل تک جاری رہنے والی پروازیں کیں جن کا دورانیہ 5 سے 6 گھنٹے کے درمیان تھا۔

مگر کے 2 کے لیے 28 ہزار 251 فٹ بلندی پر پرواز بہت بڑا چیلنج تھا اور Horatio Llorens نے بتایا کہ ایسی جگہ پر پرواز کرنا بہت مشکل ہوتا ہے جہاں لینڈنگ کا آپشن نہ ہو، یہ بالکل ایسا ہے جیسے آپ آگ کے اوپر اڑ رہے ہوں جہاں نیچے اترنے کی جگہ نہیں ہوتی۔

کے 2 کی جانب سے پرواز کے دوران وہ 24 ہزار 858 فٹ بلندی تک گئے مگر چوٹی تک نہیں پہنچ سکے۔

انہوں نے ایک ہفتے بعد پھر کوشش کی مگر دوسری بار بھی وہ چوٹی کے اوپر پرواز نہیں کرسکے۔

ٹام ڈی ڈورلوڈوٹ نے بتایا کہ اس طرح کی فوٹیج پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔

خیال رہے کہ دنیا میں بلند ترین پیرا گلائیڈنگ کا ریکارڈ پاکستان کی ہی ایک اور چوٹی براڈ پیک پر بنا تھا جب 2016 میں فرانس کے ایک پیرا گلائیڈر 27 ہزار 582 فٹ بلندی تک گئے تھے۔

مزید خبریں :