کھیل
Time 04 مارچ ، 2023

پی ایس ایل: ملتان کو 21 رنز سے شکست، لاہور پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی

لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 159 رنز بنا سکی۔ فوٹو پی ایس ایل
لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 159 رنز بنا سکی۔ فوٹو پی ایس ایل

ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 20 ویں میچ میں لاہور قلندرز ملتان سلطانز کو  شکست دیکر پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

سیم بلنگز 54 اور عبداللہ شفیق نے 48 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ مرزا طاہر بیگ 17 اور سکندر رضا نے 14 رنز بنائے، شاہین شاہ آفریدی اور حسین طلعت نے 9، 9 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کے احسان اللہ، عباس آفریدی، انور علی اور کیرون پولارڈ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سمین گل کے حصے میں آئی۔

181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی۔

ملتان کی جانب سے کیرون پولارڈ 39 اور محمد رضوان 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، شان مسعود نے 19 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انور علی اور اسامہ میر نے 17، 17 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 15 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سکندر رضا، حسین طلعت، حارث رؤف اور زمان خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

راشد خان کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید خبریں :