Geo News
Geo News

Time 07 مارچ ، 2023
پاکستان

ایسے بیوقوف کو وزیراعظم بنا دیا جس کی سوچ نہیں، آج بھی اسے لگتا وہ کرکٹ کھیل رہا: زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ایسے بیوقوف کو وزیراعظم بنا دیا جس کی سوچ نہیں، وہ ہمیں دلدل میں پھنسا گیا ہے، آج بھی اسے لگتاہے وہ کرکٹ کھیل رہا ہے۔

وہاڑی میں تقریب سے خطاب میں آصف زرداری کا کہنا تھاکہ آج پاکستان میں جو مسائل ہیں وہ میں سمجھتا ہوں، ہم نے سابق حکومت اس لیےگرائی کہ وہ ملک سنبھال نہیں رہی تھی، ہم نے سیاسی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستان کو سنبھالنے کا ایجنڈا نہیں تھا، میں سمجھ رہا تھا کہ مہنگائی ہمارے گلے پڑے گی، مہنگائی ان کے زمانے میں تھی، ہمارے زمانے میں مہنگائی نہیں تھی، مجھے اپنی عوام پر اعتماد ہے کہ انہیں ہم پر اعتماد ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھاکہ ایسے بیوقوف کو وزیراعظم بنا دیا جس کی سوچ نہیں، وہ ہمیں دلدل میں پھنسا گیا ہے، آج بھی اسے لگتاہے وہ کرکٹ کھیل رہا ہے، فکر نہ کریں سب ٹھیک ہوجائے گا، مشکل سے ہوگا لیکن ہوجائے گا، دیوالیہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا جاپان بھی دیوالیہ ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کررہا ہوں کہ پاکستان کے مسائل حل ہوسکیں، پاکستان تب ترقی کرے گا جب ایکسپورٹ 80 ارب ڈالرز ہوگی، جن محکموں میں ہمارے وزیر ہیں انہیں ٹھیک کریں گے، ایک وقت آئے گا جب زرمبادلہ کے ذخائر 100 ارب پر ہوں گے۔