Time 08 مارچ ، 2023
پاکستان

ملک کو معاشی مشکلات ہیں لیکن مشکل وقت سے نکل جائیں گے: بلاول بھٹو

پاکستان میں مسائل ہیں اور ماضی میں بھی مشکل وقت دیکھا ہے، پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے پر زیادہ دھیان نہ دیا جائے: وزیر خارجہ کی جیونیوز سے گفتگو/ فائل فوٹو
پاکستان میں مسائل ہیں اور ماضی میں بھی مشکل وقت دیکھا ہے، پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے پر زیادہ دھیان نہ دیا جائے: وزیر خارجہ کی جیونیوز سے گفتگو/ فائل فوٹو

نیویارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ  آج معاشی مشکلات ہیں لیکن عوام کے تعاون سے مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔

نیویارک میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کونسل آف فارن منسٹرز کی ذمہ داری اوآئی سی نے ہمیں دی، 16 مارچ کو ہم یہ ذمہ داری دوسرے ملک کو دے رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا میں خواتین اور اسلام سے متعلق غلط سوچ ہے، حقیقت میں دین اسلام نے سب سے پہلے عورتوں کو حقوق دیے، دنیا میں پاکستان، بنگلا دیش میں خاتون وزرائے اعظم رہیں، کسی خاتون کو ریاست کا سربراہ بنانے کا اعزاز ابھی تک امریکاکو حاصل نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یو این جنرل اسمبلی کے صدر کے ساتھ اسلامو فوبیا پر کانفرنس رکھ رہے ہیں، کانفرنس میں اسلام اور اقلیتوں سے متعلق ایشوز پر روشنی ڈالیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مسائل ہیں اور ماضی میں بھی مشکل وقت دیکھا ہے، پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے پر زیادہ دھیان نہ دیا جائے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج معاشی مشکلات ہیں لیکن عوام کے تعاون سے مشکل وقت سے نکل جائیں گے،  عوام پر بھروسہ ہے مل کر اس کا مقابلہ کریں گے اور اس مسئلے سے بھی نمٹیں گے۔

مزید خبریں :