جیو فیکٹ چیک :کوئٹہ پولیس نے رات12 بجے کے بعد خواجہ سراؤں کے گھر سے نکلنے پر پابندی عائد کر دی

کوئٹہ کےتین پولیس اہلکاروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خواجہ سرا کمیونٹی کو رات گئےکچھ علاقوں میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

متعددسوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ میں پولیس نے خواجہ سراؤں کو آدھی رات کے بعد گھروں سے نکلنے سے روک دیا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل درست ہے۔

دعویٰ

یکم مارچ کو دیوا میگزین نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ ایک پولیس افسر نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹرانس کمیونٹی کے آدھی رات کے بعد گھروں سے نکلنے پر پابندی عائدکردی گئی ہے ۔

انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا گیا کہ”سول لائنز کوئٹہ کےاسٹیشن ہاؤس آفیسر ( ایس ایچ او) مٹھاخان نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ خواجہ سراؤں کے تحفظ کے لیے انہیں رات 12 بجے کے بعد گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور جوکوئی بھی اس اصول کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔“

اس پوسٹ کو اب تک 5ہزار سے زائد مرتبہ لائک کیا جا چکا ہے۔

اس سے ملتی جلتی پوسٹس ٹوئٹر پر بھی شیئر کی گئیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھاکہ”بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں سول لائنز پولیس اسٹیشن نے ایک مضحکہ خیز اقدام کرتے ہوئے خواجہ سراؤں کو آدھی رات کے بعد گھر سے باہر نکلنے سے روک دیا ہے۔“

حقیقت

کوئٹہ کے3 پولیس اہلکاروں نے اس بات کی تصدیق کی کہ شہر میں خواجہ سرا کمیونٹی کو آدھی رات کے بعدکچھ عوامی علاقوں میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

تھانہ سول لائنز ،کوئٹہ کے ایک پولیس اہلکاررضوان علی نےٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”ہمارے ایس ایچ او صاحب نےجائزہ لیا ہے، باقاعدہ آرڈر نکالا ہے، 12 بجے کے بعد ٹرانس جینڈر زکی سختی سے پابندی ہے گھر سے باہر نکلنے کی، یہ جو فحاشی وغیرہ پھیلا رہے ہیں۔“

اس بات کی تصدیق تھانہ سول لائنزکوئٹہ کے ایک اور پولیس اہلکار سعید محمد نے بھی کی۔

جیو فیکٹ چیک نے تھانہ سول لائنزکے ایس ایچ او مٹھا خان سے بھی رابطہ کیا۔انہوں نے ٹیلی فون پر کہا کہ ” یہ [خبر] سچ ہے۔“

ان کا کہنا تھا کہ ” نوجوان نسل یہاں پر تباہ ہو رہی ہے،یہ[خواجہ سرا] روڈز [سڑکوں]پر کھڑے ہوتے ہیں اور فحاشی پھیلا رہے ہوتے ہیں۔“

تفصیلات کے مطابق خواجہ سراؤں کو رات 12 بجے کے بعدجن علاقوں میں جانے سے روک دیا گیا ہے،ان میں جناح روڈ، کوئلہ پھاٹک چوک اور شہر کا ریلوے اسٹیشن شامل ہیں۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔