Time 08 مارچ ، 2023
پاکستان

انتخابات کیلئے فنڈز اور سکیورٹی کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے حکام وزارت داخلہ و خزانہ کو طلب کرلیا

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کے سیکرٹریز کو کل دوپہر بریفنگ کے لیے طلب کیا ہے۔ فوٹو فائل
الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کے سیکرٹریز کو کل دوپہر بریفنگ کے لیے طلب کیا ہے۔ فوٹو فائل

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے سکیورٹی اور فنڈز کے معاملے پر بریفنگ کے لیے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کے حکام کو طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کے سیکرٹریز کو کل دوپہر بریفنگ کے لیے طلب کیا ہے، دونوں وزارتوں کے سیکرٹریز متعلقہ معاملات پر الیکشن کمیشن کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت خزانہ سے انتخابات کے انعقاد کے لیے فنڈز کی فراہمی کا کہا جائے گا جبکہ وزارت داخلہ کو الیکشن کی سکیورٹی کے لیے آرمی، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا جائے گا۔

حکام الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ سے یہ بھی کہا جائے گا کہ جی ایچ کیو اور وزارت دفاع سے رابطہ کرکے فوج کی الیکشن ڈیوٹی کو یقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے جبکہ گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے صوبے میں الیکشن کی تاریخ کے لیے مزید ایک ہفتہ مانگ لیا ہے۔

مزید خبریں :