یقین ہے کہ ویمن لیگ بھی پی ایس ایل کی طرح زبردست ایونٹ ہو گا: منیبہ علی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹر منیبہ علی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور دنیا کی ٹاپ ویمن ٹیموں میں اب بھی فرق ہے جسے ہمیں دور کرنا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے منیبہ علی کا کہنا تھا پاکستان ویمن لیگ سے ہمیں کافی فائدہ ہو گا، ہم ابھی بھی بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، زیادہ وقت ملے گا تو اور بھی سیکھیں گے، لیگ ہو گی تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ دیگر ملکوں کی پلیئرز گیم کو کیسے دیکھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا پہلے نمائشی میچ میں کافی اچھا تجربہ رہا، سب کو سیکھنے کو مل رہا ہے، کافی کھلاڑیوں کو موقع نہیں ملتا، ان کو سامنے لانے میں ویمن لیگ کا کردار اہم ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ ویمن لیگ بھی پی ایس ایل کی طرح زبردست ایونٹ ہو گا، ایسی چیزوں کا سب سے زیادہ فائدہ تو پاکستان کرکٹ کو ہی ہو گا، لیگ اگر کامیاب ہوئی تو خواتین کے لیے کرکٹ بھی ایک باقاعدہ پروفیشن مانا جائے گا۔

قومی بیٹر کا کہنا تھا میری خواہش ہے کہ دنیا کی دیگر لیگز میں جاکر بھی کھیلوں، امید ہے ہماری حالیہ کارکردگی کو دیکھ کر دیگر لڑکیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا جب بڑے اسٹیج پر پرفارم کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، ورلڈ کپ میں سنچری کرنا بہت بڑی بات ہوتی ہے، سنچری کرکے اعتماد ملا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑی اننگز کھیل سکتی ہوں۔

منیبہ علی نے یہ بھی کہا کہ ٹاپ لیول پر کھیلنے کے لیے محنت تو کرنا پڑتی ہے، ہر بار اپنا کھیل پہلے سے بہتر کرنا ہوتا ہے ورنہ مخالف ٹیم پکڑ لے گی، کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار اپنا گیم بہتر کروں۔

ان کا کہنا تھا پاکستان اور دنیا کی ٹاپ ویمن ٹیموں میں اب بھی فرق ہے جس کو دور کرنا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ پر کام ہو اور تسلسل کے ساتھ ایونٹ ہوں تو ہماری ٹیم بہتر ہو گی، تسلسل کے ساتھ مواقع ملتے رہے تو وقت کے ساتھ چیزیں ضرور بہتر ہوں گی، ڈومیسٹک کرکٹ دو ہفتے کی بجائے اگر زیادہ طویل ہو تو ہمارے لیے فائدہ مند ہو گا۔

قومی بیٹر نے کہا کوشش یہی ہے کہ میں دنیا کے ٹاپ پلیئرز میں آؤں، چاہتی ہوں کہ پاکستان دنیا کی ٹاپ چار ٹیموں میں آئے، اگر ہم تسلسل کے ساتھ کرکٹ کھیلتے رہیں تو یقینی طور پر ہم ٹاپ ٹیموں میں آسکتے ہیں۔

مزید خبریں :