10 مارچ ، 2023
بھارت میں گائے کا گوشت لے جانے کے شبے میں مسلمان شہری کو قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے ضلع سیوان میں پیش آیا جہاں مشتعل ہجوم نے ایک شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دم توڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ مقتول کی شناخت 56 سالہ نسیم قریشی کے نام سے ہوئی جو ہاسن پور گاؤں کا رہائشی تھا، وہ اپنے بھتیجے کے ساتھ گوشت سمیت دیگر سامان لے جارہا تھا کہ اسے مشتعل ہجوم نے راستے میں روکا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق مشتعل ہجوم نے نسیم اور اس کے بھتیجے کو ایک مسجد کے پاس پکڑ لیا جہاں انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ہجوم نے ان پر ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس کے بعد کچھ افراد نے دونوں کو زخمی حالت میں پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ نسیم کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔