آخرکتے گاڑی، موٹر سائیکل یا جاگنگ کرنے والوں کے پیچھے کیوں لگ جاتے ہیں؟

اس طرح کا تجربہ کسی کو پسند نہیں آتا / فائل فوٹو
اس طرح کا تجربہ کسی کو پسند نہیں آتا / فائل فوٹو

آپ نے اکثر کتوں کو کسی موٹر سائیکل، گاڑی یا جاگنگ کرتے افراد کے پیچھے بھونکتے ہوئے بھاگتے دیکھا ہوگا یا ہوسکتا ہے کہ خود ایسا تجربہ ہوا ہو۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ جب کتے بھونکتے ہوئے پیچھے بھاگتے ہیں تو اکثر افراد گھبرا جاتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ یہ جانور حملہ کرنے والا ہے۔

کتوں کے کاٹنے کے بعد ٹیکے لگوانے کا تصور بھی خوفزدہ کر دیتا ہے۔

مگر آخر کتے اس طرح کے رویے کا مظاہرہ کیوں کرتے ہیں یا وہ موٹر سائیکلوں یا گاڑیوں کو اتنا ناپسند کیوں کرتے ہیں؟

اس کی کوئی ایک وجہ نہیں بلکہ مختلف وجوہات ہیں جس کے باعث کتوں کی جانب سے اس طرح کے جارحانہ رویے کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

کتے خوف محسوس کرلیتے ہیں

کتے انسانوں کی انزائٹی، خوف اور تناؤ کو محسوس کر لیتے ہیں، تو جب انہیں کسی موٹر سائیکل پر سوار فرد کا تناؤ، خوف یا انزائٹی کا احساس ہوتا ہے تو ان کی جانب سے جارحانہ ردعمل سامنے آتا ہے۔

ان کے کان حساس ہوتے ہیں

ایسی موٹر سائیکلیں یا گاڑیاں جو بہت زیادہ شور کرتی ہیں، ان سے کتوں کے سننے کی حس پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کتوں کے کان بہت زیادہ حساس ہوتے ہیں اور انہیں شور بالکل پسند نہیں آتا جس پر وہ بھونکتے ہوئے پیچھا کرنے لگتے ہیں۔

شکاری فطرت

گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے پیچھے کتوں کے بھاگنے کی ایک ممکنہ وجہ ان کی شکاری فطرت بھی ہوتی ہے۔

وہ ان سواریوں کو کسی ایسے جانور کے طور پر دیکھتے ہیں جس کا پیچھا کرنا چاہیے، عموماً ایسے رویے کا مظاہرہ اکیلے کتے کی بجائے ان کے غول کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

ان کا کھیل

کچھ کتے کھیلنا پسند کرتے ہیں تو گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں کے پیچھے بھاگنا بس ان کے لیے لطف اندوز ہونے کا ایک ذریعہ ہوتا ہے۔

درحقیقت کچھ کتے تو ہر بھاگتی ہوئی چیز کا تعاقب کرتے ہیں۔

اپنے علاقے کا تحفظ

کتوں کے اس طرح کے رویے کی ایک بڑی وجہ ان کا علاقہ ہوتا ہے اور وہ گاڑی یا موٹر سائیکل کو اپنے خاندان کے لیے خطرہ تصور کرکے ان کے تحفظ کی کوشش کرتے ہیں۔

اس بارے میں واضح طور پر تو کچھ کہنا ممکن نہیں مگر خیال کیا جاتا ہے کہ کتے گاڑی یا موٹر سائیکل کو کسی بڑے عفریت کے طور پر دیکھتے ہیں اور اسے ڈرا کر بھگانے کی کوشش کرتے ہیں۔

بیزار ہونے پر بھی ایسا کرتے ہیں

کتوں میں توانائی بہت زیادہ ہوتی ہے اور اگر وہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزاریں تو وہ بیزار ہو جاتے ہیں جبکہ جسمانی توانائی جمع ہونے لگتی ہے۔

اس کے باعث وہ گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں کا تعاقب کرتے ہیں یا گڑھے کھودنے لگتے ہیں۔

ان کے لیے پرجوش کام ہوتا ہے

کچھ کتے بہت جلد پرجوش ہو جاتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کے جانب سے خطرناک رویوں کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

گاڑیوں یا موٹر سائیکل کا تعاقب کرنا بھی ان کے لیے پرجوش عمل ہوتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کتے متحرک اشیا (گاڑیاں، موٹر سائیکل یا جاگنگ کرنے والے افراد) کا تعاقب کرتے ہوئے پرجوش ہو جاتے ہیں۔

عادت بن جانا

کئی بار تو یہ کتوں کے لیے معمول بن جاتا ہے یعنی وہ روزانہ کسی گاڑی یا موٹر سائیکل کا تعاقب کرنے لگتے ہیں۔

مزید خبریں :