پاکستان

فنی خرابی دور، ہنگامی لینڈنگ کرنے والا غیرملکی طیارہ 2 روز بعد کراچی سے دبئی روانہ

فنی خرابی کا شکار طیارہ 52 گھنٹے کراچی ائیرپورٹ پر موجود رہا— فوٹو: فائل
فنی خرابی کا شکار طیارہ 52 گھنٹے کراچی ائیرپورٹ پر موجود رہا— فوٹو: فائل 

کراچی ائیرپورٹ سے ٹیک آف کے فوری بعد انجن میں شدید خرابی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنے والے غیر ملکی ائیرلائن کے طیارے کو نقص دور کرکے دبئی روانہ کردیا گیا۔

 ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334 جناح ائیرپورٹ سے 10 مارچ کی صبح 10:07 بجے دبئی کیلئے روانہ ہوئی تو اڑان کے چند سیکنڈ بعد ہی طیارے کے ایک انجن سے شدید غڑغڑاہٹ کی آوازیں آنے پر پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ائیر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر روانگی کے ٹھیک 11 منٹ بعد پائلٹ نے طیارے کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر 10:18 بجے بحفاظت اتار لیا تھا۔ جہاز میں سوار تمام 168 مسافر محفوظ رہے جنہیں 9 گھنٹے بعد متبادل پرواز سے منزل کی جانب روانہ کیا گیا تھا۔

فنی خرابی کا شکار طیارہ 52 گھنٹے کراچی ائیرپورٹ پر موجود رہا۔ 

ایوی ایشن حکام کے مطابق بوئنگ 737 طیارے کے انجن کے پنکھے کے تین بلیڈ ٹیڑھے ہوگئے تھے جن کی مرمت کا کام گزشتہ روز مکمل کرلیا گیا تھا۔

رجسٹریشن OK-TVX کا حامل 17 سال پرانا یہ طیارہ پرواز ایف زیڈ 8088 کے طور پر اتوار کی دوپہر 2:08 بجے کراچی سے دبئی کیلئے روانہ ہوگیا۔

مزید خبریں :