پیسے نکالو! اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والا ڈاکو کا ہی بیٹا نکلا

لڑکے نے موقع سے بھاگ کر پولیس کو شکایت کرنے سے پہلے سارا واقعہ اپنے گھر والوں کو بتایا، بعدازاں ملزم کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا—فوٹو: پی اے میڈیا
لڑکے نے موقع سے بھاگ کر پولیس کو شکایت کرنے سے پہلے سارا واقعہ اپنے گھر والوں کو بتایا، بعدازاں ملزم کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا—فوٹو: پی اے میڈیا

کہتے ہیں کہ ڈاکو اور چوروں کو پیسوں کی اتنی ہوس ہوتی ہے کہ واردات کے وقت ان کا دماغ بھی کام کرنا چھوڑ دیتا ہے، ایسے ہی ایک واقعہ نے اس بات کو سچ کردکھایا۔

اسکاٹ لینڈ میں ڈکیتی کی عجیب کوشش نے کئی لوگوں کو حیران اور متعدد کو ہنسنے  پر مجبور کر دیا، مذکورہ واقعہ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں پیش آیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ اے ٹی ایم مشین میں 45 سالہ شخص نے 17 سالہ نوجوان کو چھری سے حملہ کرنے کی دھمکی دے کر لوٹنے کی کوشش کی تو اس دوران پتہ چلا کہ ڈکیت باپ اپنے ہی بیٹے کو لوٹ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق باپ نے چہرے پر ماسک پہنے بیٹے کو لوٹنے کی کوشش کی جس نے اے ٹی ایم سے 10 پاؤنڈز نکالے تھے تاہم باپ نے اجنبی سمجھ کر بیٹے کو ہی پیچھے گردن سے پکڑا اور پیسے مانگے۔

تاہم لڑکے  نے پیسے مانگنے والے شخص کی آواز پہچان لی جس پر وہ حیران رہ گیا، لڑکے نے فوراً اپنے باپ سے پوچھا  کیا آپ واقعی ایسا کر رہے ہیں، آپ کو پتا ہے میں کون ہوں؟ جواب میں باپ نے کہا تم جو کوئی بھی ہو، مجھے کوئی پرواہ نہیں۔

یہ بات سن کر لڑکے نے پلٹ کر کہا کہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ جس پر والد نے شرمندہ ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے معاف کر دو میں مجبور ہوں۔

لڑکے نے موقع سے بھاگ کر پولیس کو شکایت کرنے سے پہلے سارا واقعہ اپنے گھر والوں کو بتایا، بعدازاں ملزم کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ گزشتہ برس نومبر میں پیش آیا جس کے بعد ملزم کو 26 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مزید خبریں :