13 مارچ ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک میں پنجاب بھرکے ایک کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا دیا جائے گا۔
رمضان پیکج سے متعلق منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم 25 شعبان سے 25 رمضان المبارک تک یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے کی جائے گی۔
وزیراعظم نے عوامی سہولت کیلئے آٹے کی تقسیم کے مزید 20 ہزارپوائنٹس قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے۔
وزیرِ اعظم نے سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو بھی مفت آٹا اسکیم میں شمولیت کی دعوت دی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارغریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹے کی فراہمی کا پیکج تیار کیا گیا ہے، آٹے کی فراہمی کے دوران چوری روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی، مشیر وزیراعظم احمد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں، مفت آٹا اسکیم میں شہری اپنی اہلیت ایس ایم ایس کے ذریعے جانچ سکیں گے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت دیگر صوبوں کو بھی اس پروگرام میں معاونت فراہم کرے گی۔