کچھ لوگوں کے ایک ہاتھ میں دو انگوٹھے کیوں ہوتے ہیں، کیا اس میں درد ہوتا ہے؟

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یہ حالت لڑکیوں کے مقابلے لڑکوں میں زیادہ ہوتی ہے اور یہ ان بچوں میں زیادہ عام ہے جو امریکی، ایشیائی امریکی یا سفید فام ہیں/ فائل فوٹو
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یہ حالت لڑکیوں کے مقابلے لڑکوں میں زیادہ ہوتی ہے اور یہ ان بچوں میں زیادہ عام ہے جو امریکی، ایشیائی امریکی یا سفید فام ہیں/ فائل فوٹو

آپ نے اکثر نوٹ کیا ہوگا کہ کچھ لوگوں کے ایک ہی ہاتھ میں پانچ انگلیوں کے بجائے چھ انگلیاں ہوتی ہیں، اب اس میں یا تو 4 کے بجائے 5 انگلیاں یا ایک کے بجائے دو انگوٹھے ہوتے ہیں جو کبھی الگ اور کبھی ایک دوسرے سے جُڑے ہوتے ہیں۔

اس کی مثال بالی وڈ اداکار ہریتھک روشن ہیں جن کے ایک ہاتھ میں دو انگوٹھے ہیں، آئیے اس حوالے سے کچھ حقائق جانتے ہیں کہ اس حالت کو کیا کہا جاتا ہے اور کیا اس کے کوئی نقصانات ہیں؟

اس کو کیا کہا جاتا ہے؟

امریکی شہر بوسٹن میں واقع اسپتال 'چلڈرنز اسپتال' کی ویب سائٹ کے مطابق اس کنڈیشن کو  Thumb duplication، pre-axial polydactyly، split thumb اور bifid thumb کہا جاتا ہے۔

یہ ایک عام پیدائشی حالت ہے، جب بچے کی پیدائش ہوتی ہے تو اس کے ایک ہاتھ میں چھ انگلیاں ہوتی ہیں، یہ حالت عموماً صرف ایک ہی ہاتھ میں ہوتی ہے، ایک ہزار بچوں میں سے تقریباً ایک بچے کے ہاتھ میں دو انگوٹھے ہوتے ہیں۔

ایک ہاتھ میں دو انگوٹھوں والی حالت کن لوگوں میں زیادہ ہوتی ہے؟

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یہ حالت لڑکیوں کے مقابلے لڑکوں میں زیادہ ہوتی ہے اور یہ ان بچوں میں زیادہ عام ہے جو امریکی، ایشیائی امریکی  یا سفید فام ہیں۔

ایک ہاتھ میں دو انگوٹھے ہوتے کیوں ہیں؟

اب تک ڈاکٹرز اور ماہرین اس کی اصل وجہ معلوم نہیں کرسکے تاہم پیدائش سے قبل ہی ہاتھ کی رگیں، پٹھے اور ہڈیوں کو جوڑنے والی رگیں ان دو انگوٹھوں میں تقسیم ہوجاتی ہیں،  یہ دونوں انگوٹھے عام شخص کے ایک انگوٹھے کے مقابلے میں کم رفتار سے بڑھتے ہیں اور چھوٹے بھی ہوتے ہیں۔

کبھی کبھی بچے کے ہاتھ میں دو انگوٹھے ڈیلیوری سے قبل ماں کے الٹرا ساؤنڈ میں نظر آجاتے ہیں اور اگر نہ آئیں تو پھر اس کا پیدائش کے وقت پتا چلتا ہے، اگر کوئی چاہے تو اسے سرجری کے ذریعے ہٹوا کر ایک انگوٹھا کر سکتا ہے، یہ آپریشن اس وقت ہوتا ہے جب بچہ ایک سے دو سال کا ہوجائے۔

یہ سرجری کروانا ضروری نہیں کیونکہ یہ بچے کو کسی قسم کا نقصان نہیں دیتا اور نہ ہی دو انگوٹھوں کے باعث کوئی درد ہوتا ہے۔

مزید خبریں :