دنیا
Time 16 مارچ ، 2023

یو اے ای کا دنیا بھر کے فری لانسرز کیلئے ورک پرمٹ پروگرام متعارف کرانے کا اعلان

یہ پروگرام 2023 کی تیسری سہ ماہی میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے / فائل فوٹو
یہ پروگرام 2023 کی تیسری سہ ماہی میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے / فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے ایک نئے پروگرام کو متعارف کرایا جارہا ہے جس کے تحت ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اس عرب ملک میں فری لانسر کے طور پر ملازمت کر سکیں گے۔

اس لچکدار ورک پرمٹ پروگرام کے تحت یو اے ای یا دنیا کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والے فری لانسرز اپنے گھر میں رہتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں ملازمت کر سکیں گے۔

یو اے ای کے وزیر انسانی وسائل عبد الرحمان آل اوار نے خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے پروگرام کو 2023 کی تیسری سہ ماہی کے دوران متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت دنیا کے کسی بھی حصے میں رہنے والے فری لانسرز کے لیے متحدہ عرب امارات میں کام کرنا ممکن ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم ہر طرح کی صلاحیت رکھنے والے افراد کے لیے فری لانسنگ ورک پرمٹ جاری کرنے کے نئے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے لوگوں کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے اور دیگر کے لیے کام کرنے کا موقع ملے گا اور اس مقصد کے لیے انہیں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسیوں کا مقصد ملازمتوں کے لیے لچکدار ریموٹ ورک (گھر میں رہتے ہوئے کام کرنے) کو یقینی بنانا ہے۔

اماراتی وزیر نے کہا کہ اس نئے پرمٹ کے بعد لوگوں کو کسی ایک کمپنی سے منسلک رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اس نئی پالیسی کے تحت آپ اپنے کام کریں گے اور خود فیصلہ کریں گے کہ کس طرح کا کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے نظام سے کمپنیوں کو بھی فائدہ ہوگا اور انہیں ملازمتوں کی چھانٹی کرنے کا فیصلہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، دوسری جانب ملازمین کسی ایک ادارے تک محدود نہیں رہیں گے، اس سے اداروں میں لوگوں کی قدر میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی پالیسیوں سے 2024 تک 24 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے ہر طرح کی صلاحیت رکھنے والے افراد آگے آئیں گے۔

مزید خبریں :