اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر کی وجہ بتا دی

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے میں تاخیر کی وجہ بتا دی۔

سینیٹ اجلاس میں بیان دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا آئی ایم ایف دوست ملکوں کی جانب سے پاکستان کی سپورٹ کے لیے کیے گئے وعدوں کو مکمل کرنے کا کہہ رہا ہے، معاہدے میں تاخیر کی یہی وجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے اس بار بات چیت غیرمعمولی ہے، بہت زیادہ مطالبات ہیں، ہم نے ہر چیز مکمل کر لی ہے، جیسے ہی آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا ویب سائٹ پر ڈال دیا جائے گا۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے، نیوکلیئر یا میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، کسی کو حق نہیں کہ پاکستان کو بتائے کہ وہ کس رینج کے میزائل یا ایٹمی ہتھیار رکھے۔

دوسری جانب وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈی جی کے دورے کو منفی رنگ دیا جا رہا ہے، پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام کسی بھی دباؤ سے ماورا اور آزاد ہے۔

وزیرا عظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام مکمل طور پر محفوظ، فول پروف اور قومی اثاثہ ہے، ریاست پاکستان ہر طرح سے پروگرام کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔

مزید خبریں :