فیکٹ چیک : کیاایک پولیس اہلکار کو زرتاج گل اور علی زیدی کے ساتھ سیلفی لینے پر معطل کیا گیا ہے؟

تین پولیس افسران نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیاستدانوں کے ساتھ تصویر بنانے اور اپنے فرائض سے غفلت برتنے پر ایک اے ایس آئی کو معطل کر دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ13 مارچ کو لاہور میں ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی ریلی کے دوران پارٹی رہنماؤں زرتاج گل اور علی زیدی کے ساتھ سیلفی لینے پر 1  پولیس اہلکار معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل درست ہے۔

دعویٰ

15 مارچ کو ایک تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے پولیس اہلکار کی تصویر اس دعوے کے ساتھ پوسٹ کی کہ لاہور کےتھانہ غازی آباد کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اصغر کو پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل کے ساتھ سیلفی لینے پر معطل کر دیا گیا۔

اس ٹوئٹ کو اب تک تقریباً 400 مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

یہی تصویرا س سے ملتے جلتے دعوے  کے ساتھ کئی دوسرے ٹوئٹر صارفین نے بھی شیئر کی۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ کے عنوان میں لکھا کہ ”تھانہ غازی آباد سے اصغر اے ایس آئی زرتاج گل کے ساتھ سیلفی بنانے پر معطل ،کلوز لائن رپٹ نمبر 50۔“

حقیقت

یہ دعویٰ بالکل درست ہے۔ تین پولیس افسران نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی ہے۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کے تعلقات عامہ کے افسر مبشر حسین نےجیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پربتایا کہ”یہ سسپینڈڈ [معطل] ہے، اور کلوز ٹو لائن ہے۔“

مبشر حسین نے مزید وضاحت کی کہ پولیس اہلکار کی معطلی کی وجہ ”فرائض میں غفلت“ ہے۔

تھانہ غازی آباد کے ایک پولیس افسر سجاد الرحمان نے بھی جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ”اسسٹنٹ سب انسپکٹر اصغر نواز سیال کومعطل کر دیا گیا ہے، اب وہ ڈیوٹی پر نہیں ہیں۔“

جیو فیکٹ چیک نے ا صغر نواز سیال سے مؤقف لینےکیلئے ان سے بھی رابطہ کیا۔

انہوں نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ”ابھی تو جسٹ [صرف] انہوں نے ایس پی صاحب کینٹ کی طرف سے ہمارے روزنامچے میں رپٹ لکھوائی ہے۔مجھے نہیں پتہ اب اس کے بعدمزید وہ کیا پروسیڈنگ کرتے ہیں۔ ابھی انہوں نے مجھےپولیس لائن قلعہ گجر سنگھ ،کلوز پولیس لائن کیا ہے۔“

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تصویر انہوں نے 13 مارچ کو لی تھی جس دن پاکستان تحریک انصاف نےلاہور میں سیاسی ریلی نکالی تھی۔

ا صغر نواز سیال کا مزید کہنا تھا کہ” سیلفی میرےلیے اتنا بڑا گناہ بن گیا جس سے مجھے انہوں نے سسپینڈ کلوز لائن کر دیا، حالانکہ اتنا بڑا ایشو کوئی نہیں تھا۔ مجھے خود نہیں پتہ کہ میری پکچر[تصویر] کیسے وائرل ہوئی ہے، مجھے کوئی اندازہ ہی نہیں ہے۔ “

جیو فیکٹ چیک نےلاہور کینٹ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس پی) اویس شفیق سے بھی رابطہ کیا لیکن انہوں نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

جیو فیکٹ چیک کو اے ایس آئی اصغر نواز سیال کی معطلی کے احکامات بھی موصول ہوئے۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔