17 مارچ ، 2023
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں زہر خورانی سے بچی جاں بحق جبکہ 3 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے سربراہ اظہر نامی شخص نے دو بیٹیوں اور بیوی کو زہر دیکر خود بھی خود کشی کی کوشش کی، اظہر کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اظہر نے بتایا کہ اس کے معاشی حالات بہترنہیں ہیں، خراب گھریلو حالات کی وجہ سے اہلیہ اور دو بیٹیوں کو زہر دیا اور اس کے بعد خود بھی خود کشی کی کوشش کی۔
واقعے میں اظہر کی دوسال کی بیٹی اُم ایمن جاں بحق ہوگئی جبکہ اہلیہ اور چار سال کی بیٹی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حالت بہتر ہونے پر اظہر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
عباسی شہید اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اظہر کی بھابھی کا کہنا تھا کہ اظہر نے صبح فون کرکے بتایا کہ اس نے اور سب گھروالوں نے زہر کھا لیا ہے اور تمام لوگوں کی حالت کافی خراب ہے، ہم فوری طور پر اظہر کے گھر پہنچے تو سب کو بے ہوشی کی حالت میں پایا۔
اظہر کی بھابھی کا کہناتھا کہ اس بات کا اندازہ تھا کہ کئی روز سے اظہر کے گھر میں راشن نہیں تھا اور وہ کچھ عرصے سے بے روز گار تھا، حکمران دیکھیں کہ لوگ کیسے خود کشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، اظہر کی معصوم بچی جاں بحق ہوگئی ہے۔