23 مارچ ، 2023
پاکستانی ٹی وی چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن کی بنیاد رکھنے والے معروف میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے رمضان کی آمد پر ان کے بچوں کی جانب سے والد کے نام جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
بشریٰ اقبال نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر سابق شوہر مرحوم عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد پہلے رمضان پر اپنے بیٹے احمد اور بیٹی دعا کا جذباتی پیغام پوسٹ کیا۔
احمد عامر نے اپنے مرحوم والد کے نام پیغام میں جذباتی نظم لکھی کہ ’زندگی گلزار تھی آپ کی شخصیت سے، میٹھی تھی آپ کی پُر مشفق گفتگو سے، بچپن سے جوانی تک کا سفر ہوا آپ کی انگلی پکڑ کے، آگے کی منزلوں میں ہاتھ خالی خالی لگیں گے، تنہائی میں گزارش ہوتی ہے آپ کے سائے کی، ہر گزرتے ہوئے لمحے، ہر جاگتے ہوئے پل، شدت سے محسوس ہوتی ہے کمی آپ کی، دعائیں تو کرتے رہیں گے آپ کے لیے تاحیات، مگر نہ بھلا پائیں گے بیتے لمحات، رمضان مبارک بابا‘۔
عامر لیاقت کی بیٹی دعا نے اپنے مرحوم والد کی یاد میں طویل نوٹ لکھا جس کے مطابق اس سال رمضان المبارک ان کے خاندان اور ان کے لیے بہت مشکل ہے۔
انہوں نے رمضان ٹرانسمیشن کے ناظرین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ سب نے مجھے میرے والد عامر لیاقت حسین کے ساتھ ٹیلی ویژن پر بڑا ہوتے دیکھا ہے، اس لیے یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کہ یہ والد کے بغیر ہمارا پہلا رمضان ہو گا، والد کو کھونے کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، خاص کر وہ جو ہر ایک کی زندگی میں ایک ایسی نمایاں شخصیت تھے جنہیں بھلایا بھی نہیں جا سکتا۔
دعا نے لکھا کہ میرے والد نے رمضان ٹرانسمیشن کو متعارف کروایا، اگر وہ آج زندہ ہوتے تو وہ آج بھی بس یہی چاہتے کہ اپنے پروگرام کے ذریعے اپنے ناظرین کے درمیان اس ماہِ مبارک میں اسلام کی تعلیمات کو عام کریں۔
انہوں نے اپنے والد کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عامر لیاقت کے مثبت پیغام اور ان کی خدمات کو یاد رکھیں، بے شک بابا اس رمضان اور آنے والے تمام رمضانوں میں ہمارے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن وہ ہمارے دلوں اور دعا میں رہیں گے۔
یاد رہے کہ رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین گزشتہ برس 9 جون کو انتقال کر گئے تھے۔