معروف بھارتی اداکارہ کے شوہر باتھ روم میں مردہ پائے گئے

نیلو کوہلی نے کئی فلموں میں بھی کام کیا جن میں ہاؤس فُل 2 ، ہندی میڈیم اور پٹیالا ہاؤس شامل ہیں—فوٹو: بھارتی میڈیا
نیلو کوہلی نے کئی فلموں میں بھی کام کیا جن میں ہاؤس فُل 2 ، ہندی میڈیم اور پٹیالا ہاؤس شامل ہیں—فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلو کوہلی کے شوہر ہرمندر سنگھ جمعہ کے روز غسل خانے میں مردہ حالت میں پائے گئے جس کی تصدیق ان کی بیٹی کی جانب سے کی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہرمندر سنگھ کی طبیعت میں کسی قسم کی خرابی نہیں تھی، وہ24 مارچ کی شام گرودوارے سے لوٹے اور تھوڑی دیر بعد ہی باتھ روم میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

رپورٹس کے مطابق ان کی موت کے وقت گھر پر صرف ایک ملازم موجود تھا جس نے بتایا کہ ہرمندر سنگھ گرودوارے سے آنے کے بعد  باتھ روم گئے اور بہت دیر تک جب واپس نہیں آئے تو وہ انہیں دیکھنے گیا، تو وہ فرش پر پڑے تھے۔

ملازم نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تو پتا چلا کہ ان کی موت کو اب کافی دیر ہوچکی ہے۔

اداکارہ کی بیٹی نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ والد کی آخری رسومات پیر کے روز ادا کی جائیں گی، جب کہ ان کی والدہ نیلو کوہلی کی حالت کافی خراب ہے تاہم جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، ان کی والدہ کام کے سلسلے میں باہر تھیں۔

واضح رہے کہ نیلو کوہلی نے متعدد بھارتی ٹی وی ڈراموں میں کام کیا جن میں سنگم، میرے انگنے میں، چھوٹی سردارنی اور میڈم سر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا جن میں ہاؤس فُل 2 ، ہندی میڈیم اور پٹیالا ہاؤس شامل ہیں۔

مزید خبریں :