26 مارچ ، 2023
وائرل انفیکشنز جیسے نزلہ، زکام، فلو یا دیگر کی وجہ سے ہم آئے روز اپنے آس پاس رہنے والوں کو کسی بیماری کا شکار ہوتے دیکھتے ہیں اور اکثر ہم خود بھی اس کی لپیٹ میں آجاتے ہیں۔
اس طرح کی موسمی بیماریوں سے بچانے کے لیے مضبوط قوت مدافعت بہت اہم ہوتی ہے۔
اگر آپ اپنی قوت مدافعت کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو ہم آپ کو ایسے مشروبات بتاتے ہیں جو مدافعتی نظام کو طاقتور بناسکتے ہیں۔
پانی
پانی جسم کی بنیادی ضرورت ہے، زیادہ پانی پینے سے صحت اچھی رہتی ہے، ماہرین طب کی جانب سے بھی بیماری کے دوران پانی کے زیادہ استعمال کی ہدایت کی جاتی ہے۔
سبزیوں کا جوس
مختلف سبزیوں کا جوس آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے،گاجر، ٹماٹر، کریلا اور لوکی کا جوس افادیت سے بھرپور ہے جبکہ جوس میں چقندر کا اضافہ آپ کے جسم میں خون کو بھی بڑھائےگا۔
سبزیوں کا جوس قوت مدافعت کے ساتھ ساتھ آپ کی جِلد کو بھی صحت مند بناتا ہے۔
تربوز اور پودینےکا مشروب
گرمیوں کے آتے ہی تربوز کا سیزن شروع ہوجاتا ہے،گرمیوں میں لال میٹھا تربوز نا صرف پانی کی کمی سے بچاتا ہے بلکہ اس پھل کا استعمال آپ کے موڈ کو بھی خوشگوار بنادےگا۔
اس کے علاوہ تربوز کے مشروب میں شامل پودینا آپ کوگرمی سے بھی بچائےگا۔
پھلوں کا جوس
مختلف پھلوں کے جوس بھی بیماریوں سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، کھٹے میٹھے پھلوں کے جوس جسم کو طاقت فراہم کرتے ہیں، آپ سیب اور کینو کے جوس میں گاجر اور چقندر شامل کرکے مزے دار جوس بناسکتے ہیں۔