میٹھے توبوز، خربوزے یا گرما کی شناخت کیسے کریں؟

ان پھلوں کو صرف دیکھ کر منتخب کرنا آسان نہیں ہوتا / فائل فوٹو
ان پھلوں کو صرف دیکھ کر منتخب کرنا آسان نہیں ہوتا / فائل فوٹو

تربوز، خربوزہ یا گرما خریدنا اکثر مشکل محسوس ہوتا ہے کیونکہ یہ اندازہ لگانا ممکن نہیں ہوتا کہ پھل اندر سے میٹھا نکلے گا یا نہیں۔

آپ محض دیکھ کر میٹھے تربوز، خوبوزے یا گرما کا انتخاب نہیں کر سکتے اور گھر جا کر پھیکے پھل کا ذائقہ بہت تلخ محسوس ہوتا ہے۔

تو اس نسل کے رسیلے اور مزیدار پھلوں کو منتخب کرنے کا راز کیا ہے؟

ویسے تو ہر پھل کی شناخت کے طریقے مختلف ہوتے ہیں مگر 2 چیزیں مشترک ہیں۔

تربوز ہو یا خربوزہ یا گرما، جو پھل مختصر ہونے کے باوجود زیادہ وزنی محسوس ہوگا، اس کے میٹھے ہونے کا امکان زیادہ ہوگا کیونکہ وزنی ہونے سے عندیہ ملتا ہے کہ پھل میں زیادہ رس، زیادہ مٹھاس اور زیادہ ذائقہ موجود ہے۔

دوسری چیز یہ ہے کہ ہر چیز متوازن ہو یعنی پھل سے خوشبو آرہی ہو مگر وہ بہت زیادہ نہ ہو، اس کی جلد مستحکم ہو مگر بہت زیادہ مستحکم نہ ہو۔

تو میٹھے تربوز کی شناخت کیسے کریں؟

یہ تینوں پھلوں میں سب سے زیادہ مقبول ہے اور اس کا انتخاب کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا۔

خاص طور پر کاٹے بغیر اسے خریدنے پر آپ کو اندازہ نہیں ہوتا کہ گھر جانے پر تربوز کیسا نکلے گا۔

اوپری چھلکا بہت زیادہ جگمگا نہ رہا ہو

جی ہاں زیادہ چمکدار چھلکے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پھل ابھی تک پکا نہیں۔

نشان کو دیکھیں

ایک اچھے تربوز میں پیلے رنگ کا دھبہ یا نشان موجود ہوتا ہے، یہ وہ جگہ ہوتی ہے جہاں تربوز زمین کی سطح پر رکھا ہوتا ہے۔

اگر پھل پر کوئی نشان نہیں یا اس کی رنگت سفید ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پھل ذائقے دار نہیں۔

تھپتھپا کر دیکھیں

پکے ہوئے تربوز کو اوپر سے تھپتھپانے پر ایسا لگتا ہے جیسے کسی کھوکھلی چیز کو تھپتھپایا ہے۔

اس کے مقابلے میں اگر پھل پر دستک دینے سے ٹھوس چیز کو تھپتھپانے جیسی آواز آئے تو یہ پھل کے پکے ہوئے نہ ہونے کی نشانی ہوتی ہے۔

گول پھل کا انتخاب کریں

بیضوی کی جگہ گول تربوز زیادہ مزیدار ہوتے ہیں، تو چھوٹے مگر گول شکل کے تربوز کو ترجیح دیں۔

خربوزے کو کیسے منتخب کریں؟

تربوز کے مقابلے میں اچھے خربوزوں کا انتخاب زیادہ مشکل ہوتا ہے۔

رنگ دیکھیں

ذائقے میں بہترین خربوزے کا رنگ پیلا ہوگا،اس پر سبز رنگ کی جھلک نظر آرہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ابھی وہ پوری طرح پکا نہیں۔

اسی طرح اگر خربوزے میں کسی ڈنڈی کے آثار نظر آئے تو یہ بھی اس کے پکے ہوئے نہ ہونے کی نشانی ہے۔

دبا کر دیکھیں

خربوزے کی وہ جگہ جو پودے کو اس سے جوڑتی ہے، اسے نرمی سے دبا کر دیکھیں۔

اچھے پھل میں وہ جگہ ٹھوس ہونے کے ساتھ ہلکی سی دب جائے گی۔

بجا کر دیکھیں

تھپتھپانے پر ٹھوس آواز آنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پھل پک چکا ہے، البتہ تربوز کی طرح کھوکھلی آواز آئے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پھل ابھی پکا نہیں۔

سونگھ کر دیکھیں

اچھے اور میٹھے خربوزے سے تیز میٹھی مہک آنا ضروری ہے، اگر اس کی مہک عجیب یا بری محسوس ہو تو اس کا مطلب ہے کہ پھل خراب ہونے لگا ہے۔

میٹھے گرما کا انتخاب کیسے کریں؟

اچھے گرما کے انتخاب کے لیے اس کا اوپری چھلکا بہت اہم ہوتا ہے اور زیادہ تر اشارے اسی سے ملتے ہیں۔

رنگ دیکھیں

اچھے گرما کا رنگ سفیدی مائل پیلا ہوتا ہے جبکہ اگر وہ ہلکے سبز رنگ کا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ ابھی وہ مکمل طور پر پکا نہیں۔

سطح پر لکیریں یا دبے ہونے کے نشان نہ ہوں

گرما کی سطح پر لکیریں نہیں ہونی چاہیے یا سطح دبی ہوئی نہ ہو۔

پھل کی رنگت

گرما کا اوپری چھلکا زیادہ چمک رہا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ اندر کا پھل ابھی مکمل طور پر پکا نہیں۔

اوپر نیچے کے جوڑوں کو دبا کر دیکھیں

اوپر نیچے کے جوڑ پلکے نرم ہونے چاہیے مگر بہت زیادہ نرم ہونے کا مطلب یہ ہے کہ پھل بہت زیادہ پک گیا ہے۔

سونگھ کر دیکھیں

اگر پھل کی مہک ایسی ہو جو سونگھنے کے دوران چبھتی ہوئی محسوس نہ ہو تو یہ اس کے میٹھے ہونے کی نشانی ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :