26 مارچ ، 2023
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے مردم شماری پر ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری ہماری ریڈ لائن ہے۔
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بہادر آباد مرکز پر ہوا جس میں مردم شماری اور ضمنی بلدیاتی الیکشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی نے مردم شماری کے عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی علاقوں میں مردم شماری کا عملہ اب تک پہنچ ہی نہیں سکا، متعدد علاقوں میں ایک عمارت کے رہائشیوں کو ایک ہی گنا گیا ہے۔
ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ مردم شماری ایم کیو ایم کی ریڈ لائن ہے، ایم کیو ایم تحفظات سے وفاقی حکومت اورچیف کمشنر سینسسز کو آگاہ کرے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں بلدیاتی ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق فیصلہ نہ ہو سکا۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے پہلے بھی مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔