فیکٹ چیک: ظلِ شا ہ کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر کا تبادلہ نہیں کیا گیا

ڈاکٹر محمد اویس قریشی کو ٹرانسفر یا معطل نہیں کیا گیا، لاہور جنرل ہسپتال اور ڈاکٹر نے خود تصدیق کی ہے

ڈاکٹر محمد اویس قریشی کو ٹرانسفر یا معطل نہیں کیا گیا، لاہور جنرل اسپتال اور ڈاکٹر نے خود تصدیق کی ہے۔

ٹوئٹر اور فیس بک پر ہزاروں بار دیکھی جانے والی آن لائن پوسٹس میں یہ جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی ظلِ شا ہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرنے والے ڈاکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ رپورٹ کا مسودہ تیار کرتے وقت سرکاری دباؤ کے سامنے نہیں جھکے، رپورٹ میں ظلِ شا ہ کے جسم پر ناقابل بیان زخم دکھائے گئے تھے۔

دعویٰ

ایک تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ صارف نے 9 مارچ کو لکھا: ”اویس قریشی وہ ڈاکٹر ہے جس نے ظلِ شا ہ کی رپورٹ بغیر دباؤ لیے درست بنائی، خیر ان کا تبادلہ تو کر دیا گیا لیکن ایسے ڈاکٹرز ہیرے ہیں، نایاب ہیرے، لال سلام تو بنتا ہے“۔

اس ٹوئٹ کو اب تک 4400 سے زیادہ ری ٹوئٹس، 10 ہزار لائکس اور 68000 ویوزموصول ہو چکے ہیں۔

اسی طرح کے دعوے فیس بک پر بھی شیئر کیے گئے۔

9 مارچ کو ایک فیس بک اکاؤنٹ نے لکھا کہ اویس قریشی وہ ڈاکٹر ہیں جنہوں نے” بغیر کسی دباؤ کے ظلِ شا ہ کی رپورٹ تیار کی، اس کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ “

حقیقت

جیو فیکٹ چیک نے اس دعویٰ کی تصدیق کے لیے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا جہاں معلوم ہوا کہ ڈاکٹر محمد اویس قریشی لاہور جنرل ہسپتال میں میڈیکو لیگل ایگزامینر ہیں۔ نہ تو ان کا تبادلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں معطل کیا گیا تھا بلکہ وہ اسپتال میں کا م جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم نے بھی کی۔

”یہ لوگ [فارنزک ڈیپارٹمنٹ سے] روزانہ نہیں آتے“، انہوں نے کہا، ”ان کی ہفتہ میں دو یا تین ڈیوٹی ہوتی ہیں، ان کا تبادلہ نہیں ہوا ہے“۔

جیو فیکٹ چیک نے خود ڈاکٹر اویس قریشی سے بھی رابطہ کیا۔”میں اب بھی جنرل اسپتال میں کام کر رہا ہوں“، انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعے تصدیق کی۔

پی ٹی آئی کے حامی ظلِ شا ہ کو پولیس نے 8 مارچ کو لاہور سے احتجاج کرنے پر گرفتار کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعد میں انہوں نےظلِ شا ہ کولاہور شہر کے دوسرے حصے میں چھوڑ دیا جہاں اس کی موت ایک سڑک حادثے میں ہوئی۔

اس کے علاوہ 9 مارچ کو ڈاکٹر اویس قریشی کی تیار کردہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ظلِ شا ہ کے جسم کے مختلف حصوں میں زخموں کے نشانات دکھائے گئے جو ڈاکٹروں کے مطابق ” شدید بلنٹ ٹراما سے مطابقت رکھتے ہیں۔ “

نوٹ: ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔