Time 29 مارچ ، 2023
کاروبار

آئی ایم ایف کی اگلی قسط ملنے والی ہے پریشانی کی ضرورت نہیں: وزیر مملکت خزانہ

دوست ممالک سے فنانسنگ کے حصول میں پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایم ایف پاکستان کے دوست ممالک سے فنانسنگ کی تصدیق کررہا ہے: عائشہ غوث پاشا/ فائل فوٹو
دوست ممالک سے فنانسنگ کے حصول میں پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایم ایف پاکستان کے دوست ممالک سے فنانسنگ کی تصدیق کررہا ہے: عائشہ غوث پاشا/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہےکہ دوست ممالک سے فنانسگ میں پیشرفت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف کی اگلی قسط ملنے والی ہے لہٰذا پریشانی کی ضرورت نہیں۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بریفنگ دی۔

وزیر مملکت نے آئی ایم ایف پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے کئی مشکل فیصلے کیے، آئی ایم ایف کے ساتھ اعتماد حاصل کرنے میں وقت لگ رہا ہے۔

عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان کو ایکسٹرنل فنانسنگ پر دوست ملکوں کے تعاون کی ضرورت ہے، دوست ملکوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ان کے ساتھ معاملات میں بہت جلد پیشرفت ہوجائے گی، چین نے مشکل وقت میں بروقت ساتھ دیا ہے، ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب بھی بہت جلد آگے آئے گا جب کہ متحدہ عرب امارات سے بھی بڑی توقعات ہیں۔

انہوں نےکہا کہ آئی ایم ایف سے اگلی قسط ملنے والی ہے، پریشانی کی ضرورت نہیں، دوست ممالک سے فنانسنگ کے حصول میں پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایم ایف پاکستان کے دوست ممالک سے فنانسنگ کی تصدیق کررہا ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی سبسڈی مکمل طور پر ڈیزائن نہیں ہوئی، اس پر کام ہورہا ہے، اس پر مکمل شفاف نظام کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر زور دے ریا ہے، پیٹرول پر سبسڈی ڈیزائن کرکے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔