کھیل
Time 30 مارچ ، 2023

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیا عہدہ تخلیق کردیا

جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولرمورنی مورکل بولنگ اور اینڈریو پوٹیک بیٹنگ کوچ ہوں گے، یہ تقرریاں مکی آرتھر کی مشاورت سے ہورہی ہیں/ فائل فوٹو
جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولرمورنی مورکل بولنگ اور اینڈریو پوٹیک بیٹنگ کوچ ہوں گے، یہ تقرریاں مکی آرتھر کی مشاورت سے ہورہی ہیں/ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کو ملازمت دینے کیلئے کنسلٹنٹ ٹیم ڈائریکٹر کرکٹ کا نیا عہدہ تخلیق کردیا، وہ نئے عہدے کے ساتھ کوچنگ پینل کے سربراہ ہوں گے جب کہ پی سی بی نے ان کی تقرری کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔

ماضی میں قومی ہائی پرفارمنس سینٹر سے منسلک اور سابق فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کو ہیڈ کوچ مقرر کیا جارہا ہے، رائٹ آرم آف بریک گرانٹ بریڈ برن 7 ٹیسٹ اور 11 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔

رمیز راجا نے چیئرمین بن کر انہیں سبکدوش کیا تھا، اس طرح کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد پی سی بی انتظامیہ مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن سمیت 6 غیر ملکیوں سے معاہدہ کرنے کے قریب ہے۔

جنگ کئی ہفتے پہلے یہ انکشاف کرچکا ہے کہ مکی آرتھر کوپاکستان ٹیم کا ڈائریکٹرمقرر کیا جارہا ہے،  وہ انگلینڈ میں بیٹھ کر کاؤنٹی کے ساتھ اپنا معاہدہ مکمل کریں گے اور ورک فرام ہوم کے انداز میں کوچز کو ہدایات دیں گے۔

جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولرمورنی مورکل بولنگ اور اینڈریو پوٹیک بیٹنگ کوچ ہوں گے، یہ تقرریاں مکی آرتھر کی مشاورت سے ہورہی ہیں۔

مورنی مورکل نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کوچنگ پینل کا حصہ نہیں ہوں گے ، وہ انڈین پریمیئر لیگ کے ساتھ معاہدہ مکمل کرنے بھارت میں ہوں گے۔

پاکستان ٹیم کے ساتھ دو غیرم لکی کوچز کلف ڈیکون (فزیو) اور ڈریکوس سائمن (اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ کوچ) پہلے ہی کام کررہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے تمام 6کوچز غیرملکی ہوں گے، ان میں سے چار 14اپریل سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے آغاز سے قبل ٹیم جوائن کریں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر سیریز کے آغاز سے قبل مختصر دورہ کرکے کوچنگ پینل کو بریفنگ دیں گے اور انگلش سیزن کے اختتام پر وہ ستمبر میں ورلڈکپ کی تیاریوں کے دوران دوبارہ پاکستان آئیں گے۔

انگلش سیزن ختم ہونے کے بعد مکی آرتھر فل ٹائم پاکستان کرکٹ کا حصہ ہوں گے۔

صبیح اظہر پاکستان انڈر 19اور عبدالرحمن کو پاکستان اے ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی تجویز ہے۔

قومی اکیڈمی کے کوچز مکی آرتھر کی نگرانی میں کام کرینگے، سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر یاسر عرفات جو دعویٰ کررہے تھے ان کا مکی آرتھر سے رابطہ ہے وہ کوچنگ کی ریس سے باہر ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :