دنیا
Time 31 مارچ ، 2023

تکنیکی مسائل کے باعث دنیا کے ’بہترین ائیرپورٹ‘ کی ساکھ خطرے میں پڑ گئی

دنیا بھر میں ائیرپورٹس کی درجہ بندی کرنے والے برطانوی ادارے نے سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ کو گزشتہ 12 سال سے ’دنیا کا بہترین ائیرپورٹ‘ قرار دیا تھا — فوٹو: فائل
دنیا بھر میں ائیرپورٹس کی درجہ بندی کرنے والے برطانوی ادارے نے سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ کو گزشتہ 12 سال سے ’دنیا کا بہترین ائیرپورٹ‘ قرار دیا تھا — فوٹو: فائل

دنیا میں بہترین ائیرپورٹ قرار دیے جانے والے سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ پر تکنیکی مسائل کے باعث امیگریشن کیلئے مسافروں کی طویل قطاریں لگ گئی۔

چانگی ائیرپورٹ کو اپنے آرکیٹیکچر ، سہولیات اور مسافروں کی بڑی تعداد کو  سنبھالنے سمیت وقت کی پابندی کیلئے دنیا بھر میں خصوصی حیثیت کا حامل سمجھا جاتا ہے تاہم اب امیگریشن سسٹم میں مسائل کے باعث ائیرپورٹ پر مسافروں کی لمبی قطاروں نے اس کی ساکھ خطرے میں ڈال دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہر کی بارڈر کنٹرول اتھارٹی نے پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیگریشن سسٹم میں تکنیکی مسائل کے باعث  ائیرپورٹ پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، تمام مسافر سے اپیل ہے کہ اپنا غیر ضروری سفر ملتوی کردیں۔

بارڈر کنٹرول اتھارٹی نے ایک بیان کے ذریعے مسافروں کو درپیش مشکلات پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں طلب کر لیا گیا ہے، تمام مسافر آٹومیٹک کلیئرنس کاؤنٹرز کی بجائے مینوئل کلیئرنس کے کاؤنٹرز پر جائیں اور تکنیکی مسائل حل ہونے تک  افسران کے ساتھ تعاون کریں۔

 دنیا بھر میں ائیرپورٹس کی چیک ان سے لے کر ڈیپارچر تک مجموعی تجربات کی بنیاد پر درجہ بندی کرنے والے برطانوی ادارے نے گزشتہ 12 سال سےچانگی ائیرپورٹ کو  دنیا کا بہترین ائیرپورٹ قرار دیا تھا۔

چانگی ائیرپورٹ سے صرف 2019  کے دوران 68.3 ملین سے زائد مسافروں نے سفر کیا تھا جبکہ رواں سال پہلے دو ماہ کے دوران ہی 8 ملین سے زائد مسافر اس ائیرپورٹ کی خدمات اور سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :